سعودی وزیر خارجہ کی مسقط میں عمانی ہم منصب سے ملاقات
سعودی وزیر خارجہ کی مسقط میں عمانی ہم منصب سے ملاقات
بدھ 24 فروری 2021 18:55
جی سی سی کے پلیٹ فارم سے مشترکہ خلیجی جدوجہد اہم ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کو مسقط میں سلطنت عمان کے وزیر خارجہ بدر بن حمد البوسعیدی سے ملاقات کی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کے برادر عوام کے درمیان گہرے، برادرانہ تاریخی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے قائدین مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ مشترکہ مفادات کے حصول کی نئی راہیں پیدا ہوں۔
وزرائےخارجہ نے سفارتی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
تعلقات کے نئے دریچے کھلیں۔ تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے مواقع مستحکم ہوں۔ دونوں ملک سائنس، توانائی ، ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ، سائبر سیکیورٹی، صحت، زراعت، ماحولیات اور ماہی گیری کے شعبوں میں بھرپور تعاون کریں گے۔
سعودی اور عمانی وزرائےخارجہ نے سفارتی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر نکتہ ہائے نظر پیش کیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جی سی سی کے پلیٹ فارم سے مشترکہ خلیجی جدوجہد بے حد اہم ہے۔
انہوں نے پانچ جنوری 2021 کو سعودی عرب کے تاریخی مقام العلا میں ہونے والے سربراہ اجلاس کے نتائج کا جائزہ لیا جبکہ خطے سمیت دنیا بھر میں امن و استحکام کو راسخ کرنے والی ہر کوشش کا ساتھ دینے کا عزم ظاہر کیا۔
اس موقع پر سلطنت عمان میں سعودی ناظم الامور سعید المالکی اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔
سعودی وزیرخارجہ نے ملاقات کے بعد عمانی دفتر خارجہ میں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات تحریر کیے۔
سعودی وزیر خارجہ سلطنت عمان کے دورے پر بدھ کو مسقط پہنچے تھے۔ عمانی وزیرخارجہ البوسعیدی اور دفتر خارجہ میں پروٹوکول افسر ڈاکٹر خالد الجرادی نے ایئرپورٹ پر خوش آمدید کہا تھا۔