Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حفیظ کا سینٹرل کنٹریکٹ لینے سے انکار، رضوان کی بی سے اے کیٹگری میں ترقی

محمد حفیظ نے جولائی میں نئے کنٹریکٹ تک انتظار کرنے کا کہا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر سینٹرل کنٹریکٹ میں رد و بدل کرتے ہوئے محمد رضوان کو بی کیٹگری سے اے میں شامل کر لیا ہے۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے بدھ کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینٹرل کنٹریکٹ میں تبدیلی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان کو ان کی مسلسل اچھی کارکردگی پر بی کیٹگری سے اے میں شامل کیا گیا ہے۔

 

فواد عالم کو بھی اپنی عمدہ کارکردگی کا صلہ مل گیا اور انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کی اے پلس کیٹگری سے سینٹرل کنٹریکٹ کی سی کٹیگری میں شامل کر لیا گیا ہے۔
تجربہ کار محمد حفیظ کو بھی سینٹرل کنٹریکٹ کی پیش کش کی گئی جو انہوں نے ایک بار پھر مسترد کر دی۔
اس حوالے سے وسیم خان نے کہا کہ ’ تینوں کھلاڑیوں کو ان کی کارکردگی پر صلہ دینا چاہتے تھے۔ محمد رضوان کو ان کی حالیہ کارکردگی پر ترقی دی گئی ہے جبکہ فواد عالم نے بھی مسلسل بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔‘
محمد حفیظ کے حوالے سے پی سی بی کے چیف ایگزیگٹو نے بتایا کہ ’محمد حفیظ سے بھی بات کی، لیکن انھوں نے سینٹرل کنٹریکٹ لینے سے انکار کر دیا۔ محمد حفیظ نے جولائی میں نئے کنٹریکٹ تک انتظار کرنے کا کہا ہے۔‘

فواد عالم کو سینٹرل کنٹریکٹ کی سی کٹیگری میں شامل کر لیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو کے مطابق ’جو کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھائیں گے انھیں ترقی دی جائے گی۔ یہ کنٹریکٹ یکم مارچ سے 30 جون تک کا ہو گا جبکہ قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس پر یکم جولائی کو نظر ثانی کی جائے گی۔
وسیم خان نے پی ایس ایل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اچھی بات ہے کہ 20 فیصد شائقین سٹیڈیم آرہے ہیں۔ شائقین کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے این سی او سی سے بات کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے انڈیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ ’انڈیا میں شیڈول ورلڈ کپ کے حوالے سے ابھی کوئی بات نہیں ہوئی۔  یہ مسئلہ آئی سی سی کا ہے اور وہ اسے دیکھ رہے ہیں۔‘
وسیم خان نے گوادر میں میچ کے حوالے سے کہا کہ گوادر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے درمیان میچ کا منصوبہ زیر غور ہے۔‘

شیئر: