سعودی آپٹیکل پیکٹوریل عبداللہ العکشان نے عرب نسل کے گھوڑوں کی بیس حیران کن تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے شائقین کے حلقوں میں پذیرائی حاصل کی ہے۔
العکشان نے خلیج اور سعودی عرب میں فوٹو گرافی کے مقابلوں کے چار ایوارڈ جیت لیے۔
العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے العکشان نے کہا کہ بچپن سے ہی فوٹو گرافی پسند ہے۔ دس برس کی عمر میں کیمرہ خرید لیا تھا۔
2009 میں فوٹو گرافی کا پیشہ اپنایا۔ سپورٹس کاروں کی فوٹو گرافی کا تجربہ کیا جو خوشگوار رہا۔ اب عرب نسل کے گھوڑے میرا پیار ہیں جس کا اظہار مختلف شکل و انداز میں ان کی فوٹو گرافی کے ذریعے کررہا ہوں۔

سعودی فوٹو گرافر نے بتایا کہ گھوڑوں سے پیار کی کہانی 2016 کے دوران القصیم میں اس وقت شروع ہوئی جب میری جان پہچان گھوڑوں کے اصطبل کے ایک مالک سے ہوئی۔ وقتا فوقتا اصطبل آتا جاتا رہا۔ عرب نسل کے گھوڑوں کے خوبصورت پہلوؤں کو اجاگر کرنے والی متعدد تصاویر بنائیں۔

اس کا کہنا ہے کہ گھوڑوں کی فوٹو گرافی کرنے والے کو کئی باتوں کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔ یہ پیچیدہ کام ہے۔ گھوڑوں کی ٹاپ کی تصویر لینا دشوار گزار عمل ہے۔ تصویر بناتے وقت اس بات کا دھیان رکھنا پڑتا ہے کہ گھوڑوں کے کان آگے کی طرف کھڑے ہوئے ہوں۔ ایسے ہی پونچھ اٹھائے ہوئے گھوڑے کی تصویر بنانا لمحاتی عمل ہوتا ہے اس کے لیے بے حد چوکس رہنا پڑتا ہے۔
