Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 بلدیہ کی کارروائی، گھرمیں بنایا گیا گودام سیل

گودام کو سیل کرکے مالک کو نوٹس جاری کردیا گیا(فوٹو، سبق نیوز)
الجوف ریجن کی بلدیہ نے سکاکا شہرمیں غیر ملکی کارکنوں کی جانب سے مکان کو اشیائے خورونوش کا گودام بنائے جانے پر کارروائی کرتے ہوئے دو ہزار کلوگرام سامان ضبط کرلیا۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق ریجنل بلدیہ کے نگران مقبل بن نصیر کا کہنا تھا کہ علاقے میں غیر ملکی کارکنان مکان کو گودام کے طورپر استعمال کرتے تھے ۔
گودام سے بڑی مقدار میں اشیائے خورونوش کے علاوہ مختلف کریمیں جن کی فروخت پر پابندی عائد ہے بھی برآمد کرلی گئیں۔ ضبط کی جانے والی اشیامیں سے خراب سامان کو تلف کردیا گیا۔

غیر قانونی گودام میں ممنوعہ اشیا بھی شامل تھیں(فوٹو، سبق)

بلدیہ کے ریجنل نگران کا مزید کہنا تھا کہ گودام کے مالک کو نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے تاکہ قانونی کارروائی مکمل کی جاسکے۔ ابتدائی کارروائی کے طور پر گودام جس تجارتی ادارے کے نام سے رجسٹرڈ تھا اس کی کمرشل رجسٹریشن بھی سیز کردی گئی ۔
دریں اثنا الجوف ریجن کی بلدیہ کے ترجمان عمر بن عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ بلدیہ کی ٹیمیں ریجن میں مسلسل گشت کرتی رہتی ہیں تاکہ غیر قانونی طور پر ممنوعہ تجارتی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں کا اہم ہدف ممنوعہ اور جعلی تجارتی اشیا کا کاروبار کرنے والوں کا سد باب کرنا ہے۔
  

شیئر: