Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک ہزار فن کاروں اور تخلیق کاروں کو دبئی کے ثقافتی ویزے جاری ہوں گے

ویزے کا دورانیہ 10 سال کا ہوگا اور یہ قابل توسیع ہوگا۔ (فوٹو: الامارات الیوم)
دبئی محکمہ ثقافت نے کہا ہے کہ آئندہ مرحلے میں مختلف ممالک کے ایک ہزار فن کاروں اور تخلیق کاروں کو ثقافتی ویزا جاری کیا جائے گا۔ یہ طویل المعیاد اور دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا ہوگا۔  
الامارات الیوم کے مطابق نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے 2019 میں اس کی منظوری دی تھی۔ اس کا دورانیہ 10 سال کا ہوگا اور یہ قابل توسیع ہوگا۔ اس کی بدولت دبئی ثقافت اور تخلیق کا عالمی مرکز بن جائے گا۔ دبئی دنیا کے مختلف ملکوں کے فن کاروں، سکالرز، دانشوروں اور ادیبوں کو اپنی تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا پلیٹ فارم  بن  جائے گا۔ 

120 افراد مقررہ شرائط پر پوری کرچکے ان کے ویزے جاری کیے جارہے ہیں- (فوٹو: الامارات الیوم)

دبئی محکمہ ثقافت نے بیان میں بتایا کہ اب تک 46 ممالک کے 261 تخلیق کاروں اور دانشوروں نے ثقافتی ویزے کی درخواستیں پیش کی ہیں۔ ان میں سے 120 مقررہ شرائط پر پوری اتری ہیں۔ ان کے لیے ویزا کارروائی آخری مرحلے میں ہے۔ 
دبئی محکمہ ثقافت کی ڈائریکٹر جنرل ھالہ بدری نے کہا کہ دبئی تخلیق اور تخلیق کاروں کا وطن ہے۔ ثقافتی ویزا دینے کا فیصلہ  دنیا بھر میں دبئی کو ثقافتی مرکز کی حیثیت سے نمایاں کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس کی بدولت متحدہ عرب امارات بین الاقوامی ثقافتی منظر نامے میں سرفہرست آجائے گا۔ اس سے ثقافتی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔ تخلیقی صنعتیں فروغ پائیں گی- تخلیق کاروں کو ریاست کے ترقیاتی عمل میں شامل کرنے کے مواقع ملیں گے۔
ھالہ بدری نے کہا کہ طویل المیعاد ثقافتی ویزے کی بدولت تخلیق کاروں کو ذہنی اطمینان نصیب ہوگا۔ یہی پہلو انہیں اول درجے کی تخلیقات پر آمادہ کرے گا۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: