جدہ سے لاہور آنے والی قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پرواز پی کے 860 لینڈنگ کے دوران پرندہ ٹکرانے سے حادثے کا شکار ہو گئی۔
پرندہ طیارے کے انجن نمبر دو سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں انجن کے بلیڈز متاثر ہوئے اور جہاز کو فوری طور پر گراؤنڈ کر دیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی سے ضروری پُرزے متبادل ایئرلائن کے ذریعے لاہور پہنچائے جا رہے ہیں تاکہ انجن کی مرمت کا کام جلد مکمل کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں
حکام کا کہنا ہے کہ بلیڈز کی تبدیلی کے بعد طیارے کو تقریباً تین گھنٹے کی تاخیر جدہ روانہ کر دیا جائے گا۔
مسافروں کو ہونے والی پریشانی پر پی آئی اے کی معذرت
طیارہ متاثر ہونے کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق مسافروں کی مسلسل دیکھ بھال کی جا رہی ہے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایئرلائن مسافروں سے معذرت خواہ ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ طیارے کی مرمت جلد سے جلد مکمل کر کے پرواز کو روانہ کیا جائے۔
لاہور ایئرپورٹ پر پرندے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ
ہوابازی کے ماہرین کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کے اطراف بے ہنگم آبادی، شادی ہالز اور کھانے پینے کے مراکز کی وجہ سے پرندوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جو طیاروں کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ حالیہ برسوں میں ایسے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے باعث ایئرلائنز کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لہٰذا اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
پی آئی اے اور ایوی ایشن حکام کی جانب سے اس حوالے سے مزید حفاظتی اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔