مملکت میں سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کے خاتمے پر مامور ادارے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’غیرقانونی کاروبار کے خاتمے کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی- جو وزارت تجارت، وزارت سرمایہ کاری، وزارت افرادی قوت اور منفرد اقامہ سینٹر کے نمائندوں پر مشتمل ہے-
چار سرکاری اداروں پر مشتمل ورکنگ کمیٹی اصلاح حال کے امیدواروں سے درخواستیں وصول کرکے غیرقانونی کاروبار کو قانونی بنانے کے لیے اقدامات کرے گی- سعودی حکومت نے غیرقانونی کاروبار کرنے والوں کو اصلاح حال کے لیے مہلت دی ہے-
مزید پڑھیں
-
سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کا کاروبار، 23 اگست تک اصلاح کی مہلتNode ID: 545006
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی عرب میں مقامی شہریوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کے خاتمے کے نگراں ادارے نے توجہ دلائی ہے کہ جو سعودی شہری اور مقیم غیرملکی اصلاح حال کے خواہش مند ہوں، وہ 90 روز کے اندر اصلاح کی کارروائی مکمل کرا لیں- درخواستیں آن لائن وصول کی جائیں گی۔ درخواستیں وزارت تجارت کے مقرر کردہ ای پلیٹ فارم کے ذریعے وصول کی جائیں گی جن کو 90 روز کے اندر نمٹا دیا جائے گا-
اصلاح حال کے امیدواروں کو ای پلیٹ فارم پر درخواست دینے کے علاوہ مقررہ فارم پُر کرنا ہوگا- اصلاح حال کا لائحہ عمل جاری کردیا گیا ہے، جس کو اچھی طرح سے سمجھنا ہوگا- مطلوبہ ادارے کی تفصیلات پیش کرنا ہوں گی- اصلاح حال کے لیے جو آپشن دیے گئے ہیں، ان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا، جس کے بعد درخواست بھیجنا ہوگی-
سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 23 اگست 2021 تک مقامی شہریوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کی اصلاح کی مہلت دی گئی ہے- اصلاح حال کے بعد سعودی شہری ہوں یا مقیم غیرملکی ہوں غیرقانونی کاروبار کے زمرے سے نکل جائیں گے اور کاروبار قانون کے دائرے میں آ جائے گا-
دریں اثنا سعوی وزارت تجارت نے منی لانڈرنگ کے 54 کیسز سمیت دو ہزار سے زائد مقدمات 2020 کے دوران پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیے- ان میں سے 1246 کیسز کا تعلق سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار سے ہے، جبکہ 543 تجارتی جعلسازی، 127 تجارتی مارکہ جات، 41 تجارتی معلومات اور 54 کا تعلق منی لانڈرنگ سے ہے-