Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر کے سی ای او کی پہلی ٹویٹ کروڑوں میں فروخت

جیک ڈورسے کے ٹویٹ کی سب سے زیادہ بولی جسٹن سن نے لگائی۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
ٹوئٹر کے شریک بانی اور سی ای او جیک ڈورسی نے اپنی پہلی ٹویٹ 31 کروڑ 40 لاکھ روپے کی نیلامی میں فروخت کر دی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو فروخت ہونے والی ٹویٹ میں جیک ڈورسی نے 21 مارچ دو ہزار چھ میں لکھا تھا کہ ’میں نے ابھی اپنا ٹوئٹر (اکاؤنٹ) بنایا ہے۔‘
اس حوالے سے ٹوئٹر کے شریک بانی نے گذشتہ جمعے کو ’ویلیوایبلز@سینٹ‘ نامی ٹویٹس کی آن لائن مارکیٹ میں لنک پوسٹ کیا تھا۔
اس سائٹ کے مطابق یہاں پر سرمایہ کار اور کولیکٹرز ’ٹویٹ کے تخلیق کردہ کے دستخطوں کے ساتھ ٹویٹس کی خرید و فروخت کر سکتے ہیں۔‘
گذشتہ روز جیک ڈورسی کی ٹویٹ کی سب سے زیادہ 31 کروڑ 40 لاکھ کی بولی جسٹن سن نے لگائی۔ جسٹن سن کرپٹو کرنسی کے پلیٹ فارم ’ٹرون‘ کے بانی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ’بٹ ٹورنٹ‘ نامی سٹریمنگ ویب سائٹ بھی چلاتے ہیں۔
ویلیوایبلز کے مطابق ٹویٹ خریدنے کا مطلب ہے کہ آپ ’ٹویٹ کا ایک ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ‘ خرید رہے ہیں جو اس لحاظ سے منفرد ہوتا ہے کہ یہ ٹویٹ کے خالق کی جانب سے تصدیق اور دستخط شدہ ہوتا ہے۔
جیک ڈورسی کی یہ ٹویٹ سب کو تب تک نظر آئے گی جب تک وہ اور ٹویٹر اسے آئن لائن رکھیں گے۔
یہ طریقہ کار بالکل نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن گیمز کے ڈرامائی ڈیجیٹل ’لمحات‘ جیسا ہے۔ یہ ویڈیو آن لائن تو سب ہی دیکھ سکتے ہیں لیکن اس کی تصدیق کا اختیار صرف ’نان فنجیبل ٹوکن‘ نامی کرپٹو کرنسی کے پاس ہے، جو اس کی قیمت کی بھی تصدیق کرتی ہے۔
خیال رہے کہ جسٹن سن نے 2019 میں ارب پتی وارن بفٹ کے ساتھ لنچ کرنے کا موقع ستر کروڑ سے زائد رقم کی نیلامی میں حاصل کیا تھا لیکن وہ انہیں بٹ کوائن کی اہمیت سمجھانے میں ناکام رہے تھے۔

شیئر: