جمعرات کو کئی علاقوں میں گرد آلود طوفان کا امکان
سب سے زیادہ درجہ حرارت 38 سینٹی گریڈ مکہ مکرمہ میں رہے گا(فوٹو عاجل)
سعودی موسمیات کے قومی مرکز نے جمعرات 11 مارچ کو موسم کے حوالے سے پیشگوئی جاری کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ جمعرات کو الجوف، حدود شمالیہ، حائل اورتبوک کے مشرقی مقامات پر گرد آلود طوفان کا امکان ہے جس سے سامنے کا منظر تک نظروں سے اوجھل ہوجائے گا۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ جمعرات کو القصیم اور مشرقی ریجن کے شمالی مقامات پر گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔
بیان میں قومی مرکز نے مزید کہا کہ جمعرات کو مملکت بھر میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 38 سینٹی گریڈ مکہ مکرمہ اور سب سے کم درجہ حرارت 13 سینٹی گریڈ ابہا اور طریف میں ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز موسمیات کے قومی مرکز نے پیشگوئی کی تھی کہ سعودی عرب کے بارہ علاقوں میں جمعرات سے سنیچر تک گرد و غبار کا طوفان چھایا رہے گا۔
حدود شمالیہ، الجوف، حائل، تبوک، ریاض، قصیم، الشرقیہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، نجران، عسیرِ اور باحہ میں شدید قسم کی گرد آلود ہوائیں چلنے کا قوی امکان ہے۔
گرد آلود ہواؤں کی رفتار فی گھنٹہ 60 کلو میٹر تک ہو سکتی ہے۔ بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت بڑھ جائے گا۔