سنیچر اور اتوار کو گیارہ علاقوں میں بارش کا امکان
عسیر، باحہ، مکہ اور مدینہ منورہ کے بالائی مقامات پر بارش کی پیشگوئی ہے۔(فوٹوسبق)
سعودی موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ سنیچر اور اتوار کو سعودی عرب کے گیارہ علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
اخبار 24 کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز نے عسیر، باحہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے بالائی مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
بیان میں قومی مرکز کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ ان مقامات سے پھیل کر قصیم، تبوک، الجوف، حدود شمالیہ، ریاض اور الشرقیہ تک پہنچ جائے گا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق موسمیات کے ماہر ابو عبدالرحمن الحربش الصخری نےکہا ہے کہ سنیچر 27 فروری سے سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت تدریجی طورپر بڑھنا شروع ہوجائے گا البتہ شمالی علاقہ جات اس سے مستثنی ہوں گے۔
ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ 27 فروری سے دن کے وقت موسم میں گرمی پیدا ہوجائے گی جبکہ رات کے وقت موسم میں خنکی محسوس ہوگی۔
آئندہ ہفتے کے بیشتر ایام میں صورتحال ایسی ہی رہے گی البتہ سعودی عرب کے شمالی علاقہ جات اس سے مستثنی ہوں گے جہاں دن کے وقت موسم معتدل اور رات کے وقت سرد ہوگا۔