سعودی عرب میں پیر کو گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی
ساحلی مقامات پر حد نظر محدود ہوجائے گی (فوٹو: عاجل)
سعودی موسمیات کے قومی مرکز نے پیر 18 جنوری کو مملکت بھر میں موسم کی پیشگوئی سے متعلق بیان جاری کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ پیر کو گردآلود تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جن سے مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے ساحلی مقامات پر حد نظر محدود ہوجائے گی اور درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی۔
مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ سعودی عرب کے شمالی اور شمال مغربی علاقوں میں درجہ حرارت کم ہوگا اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
سب سے زیادہ درجہ حرارت (31 سینٹی گریڈ) قنفذہ میں جبکہ مملکت بھر میں سب سے کم درجہ حرارت (4 سینٹی گریڈ) عرعر، سکاکا اور القریات میں ہوگا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق بحیرہ احمر میں ہوائیں شمال سے شمال مغرب کی طرف چلیں گی ان کی فی گھنٹہ رفتار 18 تا 45 کلو میٹر ہوگی۔ لہریں ڈھائی میٹر تک اونچی ہوں گی۔
خلیج عرب میں ہواؤں کا رخ شمال مغرب سے شمال کی جانب ہوگا۔ فی گھنٹہ ہوا کی رفتار 16 تا 38 کلو میٹرہوگی۔ لہریں ڈیڑھ میٹر تک اونچی رہیں گی۔
ماہر موسمیات حسن کرانی نے شمالی علاقہ جات کے باشندوں سے کہا ہے کہ وہ سردی کی شدید لہر سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔ اس کی شروعات منگل سے ہوگی۔ رات اور صبح سویرے زبردست ٹھنڈ پڑے گی۔
دھند اتنی زیادہ ہوگی کہ سورج طلوع ہونے کے بعد بھی حد نظر محدود رہے گی۔ شمالی اور وسطی علاقوں میں درجہ حرارت منفی ہوگا۔