Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں کورونا ویکسین کے پانچ نئے سینٹر

مملکت میں 1.65 ملین افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔(فوٹو عاجل)
سعودی دارالحکومت ریاض کے جنوبی اور مغربی محلوں میں کورونا ویکسین کے پانچ نئے سینٹر کھول دیے گئے ہیں۔ 
اخبار 24 کے مطابق ریاض ہیلتھ  کمپلیکس نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی  کہ وہ صحتی ایپ کے ذریعے کورونا ویکسین کے لیے اندراج کرالیں۔
پہلی فرصت میں ویکسین حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ یہ معاشرے کے تمام افراد کی صحت و سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔
ریاض میں نئے ویکسین سینٹر عتیقۃ، ظھرۃ نمار، الزھرۃ، بدر 2 اور المربع میں کھولے گئے ہیں۔ 
ریاض میں پہلے سے بھی ویکسین سینٹر کھلے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں گھریلو نگہداشت پروگرام کے تحت ایسے مریضوں کو گھروں پر کورونا ویکسین دی جارہی ہے جو صحت نگہداشت پروگرام کے ریکارڈ پر ہیں۔
ریاض محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ویکسین صرف گھریلو نگہداشت پروگرام میں شامل بالغ افراد تک محدود نہیں بلکہ مریضوں کے ہمراہ رہنے والوں کو بھی گھروں پر ویکسین دی جارہی ہے۔
علاوہ ازیں وزارت صحت نے بیان میں کہا ہے کہ مملکت بھر میں  1.65 ملین افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنے میں 12 ہزار افراد نے ویکسین کے لیے اندراج کرایا ہے۔( فوٹو ایس پی اے)

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 12 ہزار سے زیادہ سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں نے ویکسین کے لیے اندراج کرایا ہے۔
جیسے جیسے  ملک میں ویکسین سینٹرز کی تعداد بڑھ رہی ہے ویسے ہی اندراج کرانے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ بعض مقامات پر گاڑیوں میں بھی کورونا ویکسین دی جارہی ہے۔ 
وزارت صحت نے  ویکسین کا پہلا مرحلہ 17 دسمبر 2020 کو شروع کیا تھا جبکہ دوسرے مرحلے کا آغاز 18 فروری 2021 کو کیا گیا ہے۔ 

شیئر: