’مراکز صارفین کو کورونا ویکسین لینے پر آمادہ کریں‘
تجارتی مراکز وزارت سے منظوری لیے بغیر پروموشن پروگرام جاری کرسکتے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت تجارت نے تجارتی مراکز سے کہا ہے کہ وہ کورونا ویکسین لینے والوں کے لیے رعایتی پروگرام کو آگے بڑھائیں اور اس کی پذیرائی کریں۔
الاخباریہ کے مطابق وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے آن لائن کاروبار کرنے والے مراکز، منڈیوں اور شاپنگ سینٹرز، مختلف خدمات اور سامان مہیا کرنے والے مراکز سے کہا ہے کہ وہ کورونا ویکسین لینے پر مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو آمادہ کریں۔
یاد رہے کہ وزارت تجارت نے اس حوالے سے خصوصی پروگرام شروع کیا ہے جسے ’صارفین کو ویکسین لینے پر آمادہ کرنے کے لیے اقدام کریں‘ کا نام دیا گیا ہے۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ اگر معاشرہ کورونا وائرس پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائے تو ایسی صورت میں کاروبار معمول پر آجائے گا۔ معاشرے کو معمول پر لانے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ویکسین حاصل کریں۔
وزارت تجارت نے تمام تجارتی مراکز کو یہ سہولت فراہم کی ہے کہ وہ وزارت سے منظوری لیے بغیر پروموشن پروگرام جاری کرسکتے ہیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ تجارتی ادارے پروموشن سکیم نافذ کریں گے انہیں سالانہ سکیم کا حصہ نہیں شمار کیا جائے گا۔
وزارت نے ایک سہولت یہ بھی دی ہے کہ پروموشن سکیم جاری کرنے پر کسی بھی ادارے سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔
وزارت تجارت نے مزید کہا ہے کہ تجارتی مراکز کورونا ویکسین لینے والوں کے لیے رعایتی نرخوں پر سامان اور سروسز فراہم کرنے کے لیے اشتہاری مہم کا بھی اہتمام کریں۔