ریاض میں خواتین سائیکلنگ کا مقابلہ
مقابلہ کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے(فوٹو، سیدتی میگزین
خواتین کی سائیکلنگ ٹیم کا مقابلہ آج جمعے کے روز ریاض میں ہو گا- مقابلے کا اہتمام سعودی سائیکل آرگنائزیشن نے کیا ہے-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق خواتین کے درمیان سائیکلنگ کا مقابلہ 2021 کے لیے اندرون ملک مقررہ سپورٹس پروگرام کے تحت ہورہا ہے-
سائیکل سوار خواتین امیرۃ نورۃ یونیورسٹی کے گیٹ سے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک سائیکلنگ کریں گی- 15 کلو میٹر کا فاصلہ مقرر کیا گیا ہے-
سائیکل آرگنائزیشن میں لیڈیز کمیٹی کی چیئرپرسن شہزادی مشاعل بن فیصل بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ مقابلہ خواتین کو سائیکل سپورٹس میں نام پیدا کرنے کا موقع فراہم کرنے کی جہت میں پہلا موثر قدم ہے- اس کے بعد خواتین کے سامنے سائیکلنگ میں پیشہ ورانہ استعداد پیدا کرنے کا راستہ کھل جائے گا-
شہزادی مشاعل نے مزید کہا کہ سعودی سائیکلنگ آرگنائزیشن وطن عزیز کی لڑکیوں میں سائیکلنگ کو رائج کرنے کی کوشش کررہی ہے-
شہزادی مشاعل نے مملکت بھر میں سپورٹس کی سرپرستی خصوصا سائیکلنگ کی سرپرستی پر وزیرکھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل کا شکریہ ادا کیا۔