داخلی عمرہ زائرین کی عمر کا تعین
ہر 15 روز میں ایک بار عمرے کا اجازت نامہ حاصل کیا جاسکتا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت حج و عمرہ نے ایک سے زائد بار عمرہ اجازت نامے کے اجرا کی وضاحت کرکے یہ بھی بتا دیا کہ اندرون مملکت سے کس عمر کے لوگ عمرہ کرسکتے ہیں-
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے بیان جاری کرکے کہا ہے کہ عمرہ زائرین کی عمر کا فیصلہ وزارت صحت کی ہدایت پر کیا گیا ہے- اس کے تحت 18 برس سے لے کر 70 برس تک کے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو عمرہ اجازت نامے جاری کیے جارہے ہیں-
وزارت حج و عمرہ نے بتایا ہے کہ ماہ رواں مارچ کے آخر یعنی 18 شعبان تک عمرہ اجازت نامے جاری ہوں گے- ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے ہر روز عمرہ اجازت ناموں کا اجرا ہورہا ہے-
وزارت حج و عمرہ نے ایک اور بات واضح کی ہے- وزارت کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین کے لیے ٹرانسپورٹ سروس لازمی نہیں- جو چاہے یہ سروس حاصل کرے اور جو نہ چاہے اسے حاصل نہ کرے-
وزارت حج کا کہنا ہے کہ عمرہ بحالی کا تیسرا مرحلہ جاری ہے- ہر 15 روز میں ایک بار عمرے کا اجازت نامہ حاصل کیا جاسکتا ہے-