اب تک 326 مساجد کو عارضی طورپر بند کیا گیا ہے (فوٹو: الیوم)
سعودی وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ ’مملکت کے پانچ شہروں کی سات مساجد کو کورونا وائرس کی تصدیق ہونے پرعارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔‘
ویب نیوز سبق نے وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا کہ ’ریاض کی تین جبکہ نجران، عسیر اور حدود الشمالیہ اور مشرقی ریجن کی ایک ایک مسجد میں سات افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد مساجد کو سینیٹائزنگ کے لیے بند کیا گیا ہے۔‘
یاد رہے کہ وزارت اسلامی امور نے مملکت کے تمام شہروں اور علاقوں کی مساجد کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ’وہ مساجد میں کورونا کیسز کے حوالے سے مقررہ احتیاطی تدابیر پرسختی سے عمل کریں۔‘
حکام کا کہنا ہے کہ ’کسی بھی مصدقہ کیس کی صورت میں وزارت کو مطلع کیا جائے تاکہ مسجد کی سینیٹائزنگ کرائی جا سکے۔‘
وزارت کی ہدایت پرعمل کرتے ہوئے مساجد کی انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کیا جارہا ہے۔ مسجد انتظامیہ کی جانب سے اطلاع ملتے ہی وزارت اسلامی امور کی جانب سے متعلقہ ٹیموں کو متاثرہ مقام کے بارے میں مطلع کر دیا جاتا ہے جو وہاں پہنچ کر مسجد کو مکمل طور پر سینیٹائز کرتے ہیں۔
وزارت اسلامی امور کا مزید کہنا تھا کہ ’اب تک 326 مساجد کو عارضی طور پر بند کیا گیا جن میں سے 311 کو مکمل سینیٹائزنگ کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا۔‘