امارات میں کورونا کے نئے کیسز دو ہزار سے زیادہ
امارات میں مزید 2 لاکھ 40 ہزار کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات میں سنیچر کو پچھلے چوبیس گھنٹے میں دو ہزار 13 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
نئے مریض مختلف قومیت سے تعلق رکھتے ہیں، ان کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ضروری علاج فراہم کیا جارہا ہے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی’ وام‘ نے وزارت صحت و تحفظ کے حوالے سے بتایا کہ ’پچھلے چوبیس گھنٹوں میں جدید تشخیصی آلات کی مدد سے مزید 2 لاکھ 40 ہزار ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔‘
بیان کے مطابق وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 4 لاکھ 38 ہزار 638 ہوگئی۔ وبا سے متاثرہ مریضوں میں سے مزید دو ہزار 240 مکمل صحت یاب ہوئے ہیں جس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 4 لاکھ 20 ہزار 736 ہوگئی ہے۔
پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران زیرعلاج مریضوں میں سے مزید پانچ چل بسے، مجموعی اموات کی تعداد ایک ہزار 433 ہوگئی۔
وزارت نے عوام کو احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے کی پابندی جاری رکھنے کی پھر ہدایت کی ہے۔
علاوہ ازیں وزارت صحت کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید ایک لاکھ 43 ہزار 680 افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے جبکہ اب تک مجموعی طور پر71 لاکھ 24 ہزار 146 افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے۔