’عمرے کے لیے کورونا ویکسین کی شرط زیرغور ہے‘
ویکسین سے قبل کسی بھی ٹیسٹ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔( فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ عمرے کے لیے کورونا ویکسین کی شرط زیر غور ہے تاہم اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
کورونا وبا سے متعلق تازہ صورتحال کے بارے میں اتوار کو پریس کانفرنس کے دوران سوالات کے جواب اور وبا سے متعلق حقائق پیش کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب میں کورونا ویکسین لینے والے کسی بھی شخص کی موت کا کوئی واقعہ ریکارڈ پر نہیں آیا ہے۔
الاخباریہ اور سبق کے مطابق ڈاکٹر العبد العالی نے کہا کہ کورونا ویکسین سے قبل کسی بھی ٹیسٹ کی کوئی ضرورت نہیں۔ اسی طرح ویکسین لینے کے بعد خون کا عطیہ ملتوی کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 70 فیصد رجسٹریشن کروانے والوں نے ویکسین لگوا لی ہے۔ دودھ پلانے والی مائیں بلا خوف و خطر کورونا ویکسین لے سکتی ہیں۔
ترجمان وزارت صحت نے کہا کہ اگر کسی شخص کو کسی دوا سے غیرمعمولی الرجی ہو تو اسے کورونا ویکسین نہیں دی جائے گی۔
ڈاکٹر العبد العالی کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین اور دماغ میں انجماد خون کے درمیان کوئی رشتہ نہیں۔ تمام متعلقہ سائنسی و طبی اداروں نے کہا ہے کہ اس حوالے سے اس کے برخلاف جو باتیں کی جارہی ہیں اور یہ دعوے کہ دماغ میں انجماد خون اور ویکسین کے درمیان کوئی رشتہ پایا جاتا ہے۔ یہ دعوے غلط ہیں۔