کورونا ایس او پیز، مکہ، جدہ اور باحہ میں درجنوں ادارے سیل
کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئی ہیں۔(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر مکہ مکرمہ، جدہ اور باحہ میں متعدد ادارے سیل کردیے گئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی کی العزیزیہ بلدیہ نے غذائی اشیا فروخت کرنے والے اداروں پر 117 چھاپے مارے ہیں۔ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقرر اقدامات کی پابندی اورحفظان صحت کے ماحول کا جائزہ لیا گیا ہے۔
تفتیشی افسران نے کورونا ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے والے11 تجارتی ادارے سیل کردیے جبکہ27 کو انتباہ جاری کیا ہے۔
جدہ میونسپلٹی نے گزشتہ دو روز کے دوران 7353 چھاپے مار کر 209 تجارتی ادارے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کردیے۔
جدہ میونسپلٹین نے بیان میں کہا کہ 19 ذیلی بلدیاتی کونسلوں اور 15 بڑی بلدیاتی کونسلوں میں 256 کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق باحہ میونسپلٹی نے گزشتہ ہفتے کے دوران 3648 چھاپے مار کر 31 تجارتی ادارے سیل کردیے جبکہ 95 تجارتی خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔
باحہ میونسپلٹی نے انتباہ دیا کہ آئندہ بھی تفتیشی دورے جاری رکھے جائیں گے۔ ریستورانوں، قہوہ خانوں، بازاروں، شاپنگ کمپلیکس اور صالون پر چھاپے مارے گئے ہیں۔