Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں غبار کے طوفان سے پہلے مطلع گرد آلود، سفر سے اجتناب کریں

گردو غبار کے طوفان سے حد نظر محدود ہوگی۔ (فوٹو عاجل)
جدہ سمیت قرب وجوار کے علاقوں میں منگل کو موسم غبار آلود ہوگیا جبکہ ہائی وے کے سفر سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ماہرین موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ بدھ کو بھی جدہ میں گردو غبار کے شدید طوفان کا خدشہ ہے تاہم اس کے اثرات منگل  سے دیکھے گئے۔
منگل کو دوپہر کے بعد جدہ میں موسم اچانک غبار آلود ہوگیا جبکہ گرم اور خشک ہوا بھی چلتی رہی۔
اس کے ساتھ ماہرین موسمیات نے مشورہ دیا ہے کہ جدہ ، مکہ اور اللیث ہائی وے پر حد نگاہ انتہائی متاثر ہے۔
ماہرین نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ گردو غبار کے دوران  سفر ملتوی کیا جائے۔
ماہرین موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ بدھ کو جدہ سمیت قرب و جوار کے علاقے گرد و غبار کے شدید طوفان کی زد میں ہوں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ماہرین نے کہا ہے کہ ’سوڈان سے آنے والا طوفان بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں کو متاثر کرے گا‘۔
’جدہ میں کل کا موسم غیر معمولی ہوگا جس میں گردو غبار کے طوفان کے ساتھ خشک، تیز اور گرم ہوا چلے گی‘۔
’تیز ہوا کی وجہ سے بحیرہ احمر میں اضطرابی کیفیت پیدا ہوگی جس سے جہاز رانی ماہی گیری شدید متاثر ہوگی‘۔

’جدہ میں تیز، خشک اور گرم ہوا چلے گی تاہم بارش کا کوئی امکان نہیں‘ ( فوٹو: طقس العرب)

دوسری طرف طقس العرب کے ماہرین نے کہا ہے کہ ’موسمی نقشوں کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ جدہ میں موسمی تغیر کے ساتھ بارش کا دور دور تک امکان نہیں‘۔
ادھرسعودی محکمہ موسمیات نے مدینہ منورہ کے رہائشیوں کو گرد آلود موسم سے خبردار کیا ہے۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’ منگل کو مدینہ منورہ شہر سمیت ریجن کے متعدد علاقوں میں گرد آلود ہوں گے‘۔
اخبار 24 کے مطابق اس سے قبل قومی مرکز نے بیان میں کہا تھا کہ منگل کو الجوف، حائل، قصیم، حدود شمالیہ اور تبوک کے مشرقی مقامات پر گرد آلود طوفانی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
 ہواؤں کی فی گھنٹہ رفتار 60 کلو میٹرسے زیادہ ہوگی۔ بعض مقامات پر حد نظر محدود ہوجائے گی جبکہ بیشتر مقامات پر سامنے کا منظر آنکھوں سے اوجھل ہوگا۔ 
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنوں میں گردو غبار کے طوفان سے حد نظر محدود ہوگی۔ یہی صورتحل ساحلی علاقوں، ریاض کے مغربی علاقوں اور قصیم میں بھی ہوگی۔ 
قومی مرکز کو کہنا ہے کہ منگل کو مملکت کے بیشترعلاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔
منگل کو سب سے زیادہ درجہ حرارت 41 سینٹی گریڈ مکہ مکرمہ اور سب سے کم درجہ حرارت 14 سینٹی گریڈ ابہا اور باحہ میں رہے گا۔

بدھ کو مکہ اور جدہ میں گردو غبار کا طوفان کا امکان ہے( فوٹو: طقس العرب)

علاوہ ازیں ماہر موسمیات صالح الشیخی نے کہا ہے کہ بدھ کو مکہ مکرمہ اور جدہ میں گردو غبار کا طوفان کا امکان ہے جس سے شاہراہوں کے مسافر، ٹرک ڈرائیور اور بورڈز بہت زیادہ متاثر ہوں گے۔
سبق ویب سائٹ  کے مطابق الشیخی نے کہا کہ  بدھ  24 مارچ  کو مکہ مکرمہ ریجن میں گردو غبار کا طوفان جنوب کی طرف سے آئے گا پھر اس کا رخ جنوب مغرب کی جانب ہوگا۔
ہواؤں کی فی گھنٹہ رفتار 52 کلو میٹر تک ہوگی- بعض اوقات اس کی شدت  76 کلو میٹر فی گھنٹے تک ہوگی۔ گردو غبار کے طوفان کا زیادہ دباؤ مکہ مکرمہ اور جدہ شہر پر ہوگا۔ دونوں شہروں کو جوڑنے والے راستے غیرمعمولی طور پر متاثر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ گردو غبار کے طوفان کے باعث سامنے کا منظر آنکھوں سے پوری طرح سے اوجھل ہوجائے گا۔ انہوں نے بزرگوں، الرجی کے مریضوں اور امراض تنفس میں مبتلا افراد کو گھروں تک محدود رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ 

شیئر: