بارہ علاقوں میں منگل کو بارش کا امکان، تیز ہوائیں چلیں گی
تبوک کے کئی مقامات بھی بارش کی زد میں ہوں گے۔( فوٹو سبق)
سعودی موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ منگل کو سعودی عرب کے بارہ علاقوں میں گرج چک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ منگل کو جازان،عسیر اور باحہ میں تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔
بارش کا سلسلہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض، قصیم، حائل، مشرقی ریجن، حدود شمالیہ، الجوف تک پہنچ جائے گا۔ تبوک کے کئی مقامات بھی اس کی زد میں ہوں گے۔
سعودی عرب کے جنوبی، شمالی اور وسطی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی جبکہ رات کے دوران اور صبح سویرے جنوب مغرب کے بالائی علاقوں پر دھند چھائی رہے گی۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ منگل کو سعودی عرب میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 31 سینٹی گریڈ شرورۃ میں ہوگا اور سب سے کم درجہ حرارت 5 سینٹی گریڈ القریات میں متوقع ہے۔