Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نیب پر تبصرہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی‘ پیمرا کا چینلز کو انتباہ

پیمرا نے ٹی وی چینلز کو مواد غیر جانبدارانہ، منصفانہ اور بامقصد بنانے کی ہدایت کی ہے (فوٹو: انسپلیش)
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ٹی وی پروگرامز میں نیب پر تبصرہ کرنے سے متعلق نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
بدھ کے روز جاری کیے جانے والے ہدایت نامے کے مطابق ’دوران پروگرام نیب پر تبصرہ کرنا سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔‘
پیمرا کی جانب سے سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو جاری کیے گئے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’یہ مشاہدے میں آیا ہے کہ خبروں اور حالات حاضرہ کے پروگرامز کے دوران نیب سے موقف لیے بغیر غیرضروری اور یک طرفہ تبصرے کیے جاتے ہیں، جس کا مقصد مبینہ طور پر ریاستی اداروں کو بدنام کرنا ہے۔‘
پیمرا کے ہدایت نامے کے مطابق ’غیر ضروری اور یک طرفہ تبصرہ سپریم کورٹ کے احکامات کی بھی خلاف ورزی ہے اور اس حوالے سے پیمرا اس سے قبل بھی زیر التوا مقدمات پر تبصرے کرنے سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کر چکا ہے۔‘
ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’ انڈر ٹرائل اور تحقیقات پر پروگرامز پر تبصرہ کرنے اور رائے دینے کے بجائے پروگراموں کا مقصد عوام تک معلومات کی فراہمی ہونا چاہیے۔‘  
پیمرا نے پروگرامز کے دوران متعصب اور یک طرفہ تبصرہ کرنے سے پرہیز کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’تمام ٹی وی چینلز ان ہاؤس ایڈیٹوریل کمیٹی کے ذریعے مواد کی جانچ کو یقینی بنائیں۔‘ 
پیمرا کی جانب سے ٹی وی چینلز کو مواد غیر جانبدارانہ، منصفانہ اور بامقصد بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔  

شیئر: