Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کیسز میں اضافہ: جمعہ اور سنیچر چھٹی، اسلام آباد میں نئی پابندیاں عائد

ہر قسم کے ان ڈور کھانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے (ٖفوٹو: ٹوئٹر)
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے کیسز بڑھنے کے بعد نئی پانبدیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
این سی او سی کی ہدایت پر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ایس او پیز کے حوالے سے نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو فوری طور پر نافذالعمل ہوں گی اور ان پر عمل درآمد کا سلسلہ 11 اپریل تک جاری رہے گا۔
بدھ کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ہر طرح کے ان ڈور کھانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ پورے شہر میں ہفتہ وار چھٹیاں جمعے اور سنیچر کو ہوں گی۔  
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ بیرونی کھانوں کی اجازت ویک اینڈ کے علاوہ ہوگی جبکہ ویک اینڈ پر دونوں قسم کے کھانوں پر پابندی ہوگی، تاہم ٹیک اوے اور ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔
انڈور اجتماعات پر پہلے سے لگی پابندی کو برقرار رکھا گیا ہے جبکہ کورونا ایس او پیز کے مطابق کھلے مقامات پر 300 تک افراد کے اجتماع کی اجازت صرف دو گھنٹے کے لیے ہو گی۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندیوں کا سلسلہ 11 اپریل تک جاری رہے گا (فوٹو: اے ایف پی)

علاوہ ازیں تفریحی پارکس بند رکھے جائیں گے تاہم جاگنگ ٹریکس ایس او پیز کے مطابق کھلے رہیں گے۔ شادی ہالز اور مارکیز بند رکھی جائیں گی تاہم جہاں ہوا کے گزر کا مناسب انتظام ہو گا انہیں میزبانی کی اجازت ہوگی۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’شہر کے اندر چلنے والی ٹرانسپورٹ کا دائرہ 50 فیصد تک محدود کر دیا جائے گا۔‘
عام دنوں میں تمام تجارتی سرگرمیاں رات 10 بجے تک محدود رکھی جائیں گی جبکہ جمعے اور سنیچر کو تمام مراکز مکمل طور پر بند رہیں گے۔
یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ ہسپتال، میڈیکل سٹورز، اشیائے خورونوش کی دکانیں پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
نوٹی فیکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’تمام متعلقہ اداروں میں 50 فیصد کام گھروں سے کروانے کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔‘
اس کے علاوہ سنیما ہالز اور مزارات پر پابندی برقرار رہے گی۔

شیئر: