کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں، جدہ اور مکہ میں تجارتی ادارے سیل
حفظان صحت کے ضوابط کی خلاف ورزی پر جرمانے بھی کیے ہیں۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں جدہ اور مکہ مکرمہ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر متعدد تجارتی اداروں کو سیل کیا گیا ہے۔
مکہ مکرمہ کی میونسپلٹی نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے ثبوت ملنے پر 13 تجارتی ادارے سیل کیے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ میں العزیزیہ بلدیہ کے انسپکٹرز نے ریڑھی والوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ میونسپلٹی تمام بلدیاتی کونسلوں میں شہر کے منظر کو بگاڑنے والی سرگرمیوں کے خاتمے کی مہم چلائے ہوئے ہے۔
مکہ میونسپلٹی نے غیر قانونی طریقے سے کاروبار اور حفظان صحت کے ضوابط کی خلاف ورزی پر جرمانے بھی کیے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی اور اس کی بلدیاتی کونسلوں نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر چار ہزار 415 تفتیشی دورے کرکے 121 تجارتی ادارے سیل کیے ہیں۔
جدہ میونسپلٹی نے بیان میں بتایا کہ تفتیشی ٹیموں نے 19 ذیلی بلدیاتی کونسلوں اور 15 بڑی بلدیاتی کونسلوں میں 139 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی ہیں۔
بیان میں جدہ میونسپلٹی نے کہاکہ کووڈ 19 کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائے رکھنے کے لیے تفتیشی ٹیمیں مہم جاری رکھیں گی۔
میونسپلٹی نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کہ وہ 940 یا ’بلدی ایپ‘ کے ذریعے خلاف ورزیوں کی رپورٹ کریں۔