Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آج پاکستان میں ٹیلی ویژن آ گیا‘:پہلی خاتون میزبان کنول نصیر انتقال کر گئیں

کنول نصیر نے سترہ سال کی عمر سے ٹی وی میں کام کرنا شروع کیا تھا: پی ٹی آئی میڈیا
قومی نشریاتی ادارے پاکستان ٹیلی ویژن کی پہلی خاتون میزبان اور ڈرامہ آرٹسٹ کنول نصیر انتقال کر گئی ہیں۔
جمعرات کو پی ٹی وی کے مطابق کنول نصیر کو پاکستان کی پہلی خاتون ٹیلی ویژن میزبان ہونے کا شرف بھی حاصل تھا۔
کنول نصیر اپنی گراں قدر خدمات پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ حسنِ کارکردگی بھی حاصل کر چکی تھیں۔
تحریک انصاف کے میڈیا سیل کے مطابق کنول نصیر ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھیں اور گزشتہ چند روز سے اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔
کنول نصیر گذشتہ 5 دہائیوں سے زائد عرصے تک پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے ساتھ  وابستہ رہیں.
کنول نصیر نے 26 نومبر 1964 کو پی ٹی وی کے قیام کے وقت پہلی اناؤسمنٹ کی تھی اور ٹی وی سکرین پر پہلی بار یہ الفاظ ’میرا نام کنول نصیر ہے اور آج پاکستان میں ٹیلی ویژن آ گیا ہے، آپ کو مبارک ہو‘ بھی کنول نصیر نے ادا کیے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات جواد احمد نے ٹویٹ میں کہا کہ کنول نصیر کی موت دل کا دورہ پڑنے سے واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ’زندگی میں ایک ماں کھونے کا دکھ نہیں بھولا تھا، اور اب ماں کی طرح کنول نصیر کو کھو دیا۔‘
موہنی حمید نے ٹویٹ کیا کہ کنول نصیر پی ٹی وی کی پہلی اناؤنسر کو پرائڈ آف پرفارمنس اور لائف ٹائم اچیومنٹ کے علاوہ کئی قومی ایوارڈز سے نوازا گیا تھا، انہوں نے 56 سال تک پی ٹی وی میں کام کیا۔
ٹوئٹر صارف باسط سبحانی نے ٹویٹ کیا کہ کنول نصیر سے سیکھا کہ کیسے ایک شو میزبان کے لیے علم کے علاوہ اس کی آواز کا صاف ہونا، درست تلفظ اور زبان پر عبور ہونا کتنا ضروری ہے۔
کنول نصیر نے سترہ سال کی عمر سے ٹی وی میں کام کرنا شروع کیا تھا۔

شیئر: