سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اورعراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے عراق میں پیش رفت اور دیگر علاقائی امور پر بات چیت کی ہے۔
الشرق الاوسط کے مطابق عراقی وزیراعظم کے سرکاری دورے پر ریاض پہنچتے ہی قصر یمامہ میں مذاکرات ہوئےہیں۔ مصطفی الکاظمی، شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر سعودی عرب پہنچے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے دونوں ملکوں کے وفود کی معاونت سے ریاض کے قصر یمامہ میں مذاکرات کیے۔
عراق اور سعودی عرب کے درمیان تعاون بڑھانے اور خطے کے حالات حاضرہ کے جائزے کے موضوعات پر بات چیت کی ہے۔
فریقین نے سعودی عراقی رابطہ کونسل کی سطح پر اجلاس کیے۔ اس موقع پر مالیاتی، تجارتی، اقتصادی، ثقافتی اور ابلاغی شعبوں میں پانچ معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
عراقی وفد میں سعودی عرب سے ملنے والی سرحدوں کے عراقی صوبوں کے گورنر بھی آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے سعودی عراقی سرحدی چیک پوسٹوں میں اضافے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس سے پہلے عراقی وزیراعظم کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض پہنچے تو شہزادہ محمد بن سلمان نے خیر مقدم کیا۔ عراقی وزیراعظم کا سرکاری استقبال کیا گیا۔
سعودی ولی عہد نے عراقی وزیراعظم کے ہمراہ آئے ہوئے وفد کا خیر مقدم کیا۔ ولی عہد اور عراقی وزیراعظم سرکاری جلوس میں قصر یمامہ کے ایوان شاہی پہنچے۔
عراقی وزیراعظم نے ٹویٹ کی کہ ’ اس دورے کا مقصد عراق اور سعودی عرب کے منفرد تعلقات کو مستحکم بنانا اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے امکانات پیدا کرنا ہے۔‘
HRH Crown Prince receives Prime Minister of Iraq at Al-Yamamah Palace in Riyadh.#SPAGOV pic.twitter.com/ZX4MSAgfoA
— SPAENG (@Spa_Eng) March 31, 2021