النہضہ ڈیم کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کوششوں کی حمایت
اوآئی سی کا کہنا ہے مصر اور سوڈان کے آبی ذخائر کا تحفظ ضروری ہے۔( فائل فوٹو اے ایف پی)
کویت نے کہا ہے کہ مصر اور سوڈان کے آبی ذخائر کا تحفظ عربوں کی قومی سلامتی کا اٹوٹ حصہ ہے۔
کویتی دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ کویت النہضہ ڈیم کے بحران کے حل سے متعلق دونوں ملکوں کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
مصر اور سوڈان اس بات کے لیے کوشاں ہیں کہ دریائے نیل کےحوالے سے بین الاقوامی قوانین کے مطابق ان کے آبی اور اقتصادی حقوق محفوظ ہوں اور دریائے نیل سے تعلق رکھنے والے تمام ممالک اپنے ترقیاتی منصوبے پورے کرسکیں۔
الامارات الیوم کے مطابق کویتی دفتر خارجہ نے بیان میں مزید کہا کہ النہضہ ڈیم کا مسئلہ حل کرانے کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ کویت چاہتا ہے کہ اس کے حل میں تمام فریقوں کے مفادات کا خیال رکھا جائے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مصر اور سوڈان کے لیے آبی ذخائر کے تحفظ کی ضرورت کی حمایت کی ہے۔
او آئی سی نے کہا کہ ایتھوپیا کے النہضہ ڈیم کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کی جانے والی علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں میں گہری دلچسپی ہے۔
اوآئی سی نے اس امر پر زور دیا کہ مصر اور سوڈان کے آبی ذخائر کا تحفظ ضروری ہے۔
او آئی سی نے اپیل کی کہ مصر’ سوڈان اور ایتھوپیا کے حقوق و مفادات کے پاسبان منصفانہ اور جامع معاہدے تک رسائی کے لیے مذاکرات جاری رکھے جائیں۔