Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی: اُردو بازار میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی کے تاریخی اردو بازار میں لگنے والی آگ پر ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پا لیا۔
ریسکو حکام کے مطابق آگ جمعرات کو دن تقریباً ایک بجے سٹیشنری کی دکان میں لگی اور ریسکیو 1122 کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا کام شروع کر دیا۔
 راولپنڈی شہر کے وسط میں واقع اردو بازار کتابوں اور کاپیوں کی فروخت کے حوالے سے مشہور ہے جبکہ اس کے قریب ہی کپڑوں کی کئی دکانیں اور راولپنڈی کا مصروف علاقہ راجا بازار واقع ہے۔

 

ریسکیو 1122 کے علاوہ سی ڈی اے، واسا اور دیگر اداروں کی  ٹیموں نے بھی آگ بھجانے کے عمل میں حصہ لیا، تاہم ریسکیو حکام کے مطابق ’تنگ گلیوں کے باعث انہیں امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔‘
اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم زخمی ہونے والے ایک شخص کو ہولی فیملی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد جن کا تعلق بھی راولپنڈی سے ہے نے متاثرہ جگہ کا دورہ کیا اور آگ بھجانے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آتشزدگی پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’انتظامیہ موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرے اور آتشزدگی پر قابو پانے کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے۔‘
وزیر اعلٰی کا کہنا تھا کہ ’آگ پر قابو پانے کے لیے ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائیں۔‘
عثمان بزدار نے آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

شیئر: