پارٹس، ٹولز اور مینولز تک رسائی حاصل ہو گی(فوٹو روئٹرز)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے انڈیپینڈینٹ ریپیئر فراہم کرنے والے پروگرام کو سعودی عرب تک بڑھا دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس اقدام سے مملکت کے فروخت کنندگان کو پارٹس، ٹولز اور مینولز تک رسائی حاصل ہو گی تاکہ وہ معروف آئی فون سمیت اپنی مصنوعات کی ریپیئر کی خدمات پیش کر سکیں۔
اس وقت ریپیئر کا پروگرام امریکہ، کینیڈا اور یورپ میں تقریباً ایک ہزار 500 پروائیڈرز کے ذریعے پیش کیا جا رہا ہے لیکن کیلیفورنیا میں قائم یہ کمپنی اسے 200 ممالک تک بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس میں سعودی عرب تازہ ترین اضافہ ہے۔
جرمنی میں پرو ریپیئر جی ایم بی ایچ کے پروجیکٹ منیجر نیلز ویبر نے کہا کہ ’ انڈیپینڈینٹ ریپیئر فراہم کرنے والا پروگرام ہمارے اور صارفین کے لیے بہت ہی مثبت تجربہ رہا ہے۔‘
’کورونا کی عالمی وبا کے دوران پارٹس تک قابل اعتماد رسائی نے ہمیں اپنے صارفین کو میل ان ریپیئرز میں زیادہ مانگ کو پورا کرنے کے لیے اپنے کاروبار کواس کے مطابق کرنے کی اجازت دی۔ ‘
گذشتہ ہفتے اس پروگرام میں سعودی عرب، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کو شامل کیا گیا تھا۔ الجیریا، بحرین، مصر،عراق، اسرائیل، اردن، کویت، لبنان، لیبیا، مراکش،عمان اور فلسطین اس پروگرام کے ذریعے بعد میں شامل ہو جائیں گے۔
پروائیڈرز کے لیے پروگرام میں شامل ہونے کے لیے کوئی معاوضہ نہیں ہے اور ایپل مفت تربیت تک رسائی فراہم کرتا ہے۔
اسی طرح وہی سرکاری پارٹس، ٹولز ،ریپیئر کے مینویل اور تشخیص کے بطور ایپل آتھورائیزڈ سروس پرووائیڈرز اور ایپل سٹور آؤٹ لیٹس فراہم کرتا ہے۔ اس پروگرام میں شامل ہونے کے لیے ممکنہ سعودی پرووائیڈرز سپورٹ ایپل ڈاٹ کام پر جا سکتے ہیں۔
اس پروگرام میں کوالیفائی کرنے کے لیے پروگرام پرووائیڈرز کے لیے لازمی ہے کہ وہ ایک ایپل ٹریننگ کورس مکمل کریں اور سرٹیفیکیشن حاصل کریں۔ صارفین ایپل کی ویب سائٹ پر یہ بھی چیک کر سکتے ہیں کہ آیا کمپنی کے ذریعے پرووائیڈرز کی منظوری تصدیق شدہ ہے یا نہیں۔
ایپل مارکیٹ کیپٹلائزیشن کے ذریعے امریکہ میں درج سب سے بڑی عوامی کمپنی ہے جس نے پچھلے سال اگست میں 2 ٹریلین ڈالر کا منافع حاصل کیا تھا۔
امریکہ میں کورونا کی عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پابندیوں کے نتیجے میں اس کے کچھ ریٹیل آؤٹ لیٹس بند ہونے کے باوجود 26 دسمبر کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں ایپل کی آمدنی21 فیصد اضافے سے 111.44 بلین ڈالر ہو گئی جس نے تجزیہ کاروں کے تخمینے کو شکست دی۔ اس سہ ماہی کے دوران اس کے فلیگ شپ آئی فون کی فروخت65 بلین ڈالر تھی۔