Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روزانہ کتنی چہل قدمی صحت کے لیے فائدہ مند؟

چہل قدمی سے جسمانی اور ذہنی صحت پر اچھا اثر پڑتا ہے(فوٹو: ٹوئٹر)
بعض لوگ چہل قدمی کے یومیہ سٹیپس شمار کرنے کے لیے سمارٹ موبائل یا اس میں موجود ایپلی کیشن کا سہارا لیتے ہیں۔ اس طریقہ کار کی بدولت آسانی سے پتہ چل جاتا ہے کہ آپ نے کتنی چہل قدمی کی ہے۔
اس سے جسمانی اور ذہنی صحت پر اچھا اثر پڑتا ہے مگر سوال یہ ہے کہ ہر انسان کو ہر روز چہل قدمی میں کتنا فاصلہ طے کرنا چاہبپ اور کتنے سٹیپس چلنا مثالی عمل ہوگا۔ 
الرجل میگزین نے اس سوال کا جواب امراض قلب کے کنسلٹینٹس سے حاصل کرکے پیش کیا ہے۔ 
امراض قلب کے کنسلٹینٹس کا کہنا ہے کہ جسم کو تروتازہ رکھنے کے لیے انسان کو ہر روز کم از کم دس ہزار سٹیپس چلنا ضروری ہے۔ ہفتے میں 70 ہزار سٹیپس ضروری ہیں۔ خصوصا موسم سرما کے سرد ماحول میں اس قدر چہل قدمی ہر روز ضروری ہے جبکہ زائد وزن سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے روزانہ کم از کم 15 ہزار سٹیپ لاِزمی ہیں۔ 
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بوڑھوں، مٹاپے میں مبتلا لوگوں اور جوڑوں کے امراض میں مبتلا افراد کے لیے بہترین اور محفوظ ایکسرسائز چہل قدمی کی ہے۔ 
ڈاکٹروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں ہاتھوں کو حرکت دیتے ہوئے چہل قدمی کرنا کیلوریز کو جلانے کے لیے مثالی طریقہ کار ہے۔ اگر چہل قدمی کرنے والا انسان بازوؤں، کمر اور سینے  کو حرکت دیتے ہوئے چلے گا تو یہ  اس کے لیے بے حد مفید ہوگا۔ 

چہل قدمی سے تناؤ اور اعصابی دباؤ سے چھٹکارا ملتا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

چہل قدمی کے فوائد: 

چہل قدمی سے دوران خون بہتر ہوتا ہے، تناؤ اور اعصابی دباؤ سے چھٹکارا ملتا ہے۔
جسم کے عضلات مضبوط ہوتے ہیں۔ زیادہ وزن سے نجات ملتی ہے۔ بلڈ پریشر کم ہوتا ہے اور کولیسٹرول کی مقدار گھٹتی ہے۔ 
چہل قدمی کفایت شعاری والی ایکسرسائز ہے اس پر کوئی خرچ نہیں آتا اور نہ اس کے لیے ایکسرسائز مشینوں کی ضرورت پڑتی ہے۔

شیئر: