Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں چہل قدمی کا کلچر فروغ دینے کی مہم

پانچ مارچ کو چہل قدمی کا عالمی دن منایا گیا ہے۔( فوٹو العربیہ)
سعودی وزارت صحت نے جمعہ پانچ مارچ کو چہل قدمی کا عالمی دن منایا ہے۔ سعودی عرب کے تمام صوبوں اور کمشنریوں میں ’چہل قدمی کا سعودی قومی دن‘ کے عنوان تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت میں آگہی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل انس الحمید نے بتایا کہ مملکت میں صحت عامہ کے فروغ، چہل قدمی کے کلچرکے فروغ اور چہل قدمی کرنے والوں کا تناسب بڑھانے کے لیے چہل قدمی کا عالمی دن منایا گیا۔
پانچ لاکھ سے زیادہ ایسے افراد کو جو لاعلاج امراض میں مبتلا ہیں چہل قدمی پر آمادہ کرنے کی مہم چلائی جارہی ہے۔ 

وزارت صحت کا کہنا  ہے کہ جہاں بھی چلنے کا موقع ملے چلیں۔( فوٹو اخبار 24)

انس الحمید نے مزید کہا کہ وزارت صحت وطن عزیز میں صحت بخش طرز حیات اپنانے  کا مشن چلائے ہوئے ہے۔ 
انہو نے کہا کہ چہل قدمی سب سے آسان جسمانی ورزش ہے۔ صحت پر اس کے بڑے اچھے اثرات پڑتے ہیں۔ تمام فرزندان وطن کے نام ہمارا پیغام یہی ہے کہ وہ سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کے لیے چہل قدمی کو اپنی عادت بنائیں۔
جہاں بھی چلنے کا موقع ملے چلیں۔ گھر کے اندر، دفتر، محلے اور مسجد آتے جاتے وقت چہل قدمی کا خیال رکھیں۔

 ’چہل قدمی کا سعودی قومی دن‘ کے عنوان تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔( فوٹو ایس پی اے)

انس الحمید نے کہاکہ چہل قدمی کے بڑے فوائد ہیں۔ اس سے جسم میں خراب کولیسٹرول کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ جسم میں فاضل کیلوریز جل جاتی ہیں۔ اس سے جوڑوں کے نظام کو تحفظ ملتا ہے۔ بے چینی، ڈپریشن کے ازالے میں معاون ہے اور ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں۔
 توازن بہتر ہوتا ہے ۔جسم میں  دوران خون عمدہ ہوجاتا ہے۔ مناسب وزن برقرار رہتا ہے۔ دل کی بیماریوں، بلڈپریشر اور ذیابیطس وغیرہ سے بچاتی ہے۔ یہ اتنے سارے فائدے ہیں کہ جسے حاصل کرنے کے لیے ہمیں چہل قدمی کی پابندی کرنا چاہئے۔  

شیئر: