رمضان سے قبل غلاف کعبہ کی پانچ روزہ صفائی مہم: تصاویر
رمضان سے قبل غلاف کعبہ کی پانچ روزہ صفائی مہم: تصاویر
اتوار 4 اپریل 2021 18:07
حجر اسود اور رکن یمانی کا منقش فریم بھی تبدیل کیا جارہا ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ نے اتوار کو غلاف کعبہ کی صفائی اور اصلاح و مرمت کی پانچ روزہ مہم کا آغاز کیا ہے۔ یہ کام ماہ رمضان کے استقبال کے لیے کیا جارہا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق 14 ماہرین غلاف کعبہ کی صفائی اور اصلاح و مرمت کا کام انجام دے رہے ہیں جبکہ سٹینڈرڈ کنٹرولر اور ہیلتھ ایکسپرٹ کام کی نگرانی کررہے ہیں۔
مسجد الحرام میں غلاف کعبہ کی اصلاح و مرمت کے ادارے کے انچارج فہد الجابری نے بتایا کہ کام کی شروعات غلاف کعبہ کو کسنے کے لیے مختلف جہتوں سے اس کے بند کھول کر کیا گیا۔
شاذروان کے سنہرے حلقوں کے نیچے سادہ سیاہ کپڑا لگایا جارہا ہے جبکہ حجر اسود کا فریم اور رکن یمانی کا منقش فریم بھی تبدیل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اصلاح و مرمت کی کارروائی مکمل کرکے غلاف کعبہ کی صفائی ہوگی اور گردو غبار ہٹایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کام چوبیس گھنٹے انجام دیا جارہا ہے کہیں ضرورت پڑی تو سلائی کا کام بھی ہوگا اور اگرکہیں کٹ ہوا تو اسے رفو بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے اطمینان دلایا کہ یہ کام بیس سالہ تجربہ رکھنے والے ہنر مند انجام دے رہے ہیں۔
فہد الجابری نے بتایا کہ کنگ عبدالعزیز کمپلیکس برائے غلاف کعبہ میں کئی نوجوان ہنر مندوں سے ٹریننگ بھی لے رہے ہیں۔