’پیچھے تو دیکھو‘، فخر زمان کی تعریف تو ڈی کوک پر تنقید
فخر زمان ون ڈے کی دوسری اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں (فوٹو: گیٹی امیجز)
جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ میچ میں 193 رنز کی اننگز کھیلنے والے فخر زمان نے ون ڈے کرکٹ میں ٹاپ سکورر پاکستانی کھلاڑیوں کی فہرست میں تیسری بار انٹری کرائی تو کرکٹ شائقین نے جہاں انہیں سراہا وہیں جنوبی افریقن وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک کو ایک اشارے اور امپائرنگ کے معیار پر خاصی تنقید کی گئی ہے۔
دورہ جنوبی افریقہ پر موجود پاکستانی ٹیم نے گزشتہ روز میزبان سائیڈ کے خلاف دوسرا میچ کھیلتے ہوئے 342 رنز کے بڑے ہدف کے کامیاب تعاقب کی کوشش کی تھی تاہم 17 رنز سے میچ ہار گئے تھے۔
اس دوران فخر زمان کی بیٹنگ اور 193 رنز کی اننگز نے جہاں انہیں ایک روزہ کرکٹ میں بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کی فہرست میں مزید ایک بار شامل کیا وہیں ان کے آؤٹ ہونے کے موقعے نے پاکستانی شائقین کرکٹ اور کرکٹ مبصرین کو خاصے غم و غصہ کا شکار کیے رکھا۔
شائقین کرکٹ ڈی کوک کے اشارے کو ’جنٹل مین گیم کرکٹ میں دھوکے‘ سے تعبیر کرنے لگے تو پاکستانی سوشل میڈیا کی مشہور میمز کا موضوع بننے والے بچے اور اس کے جملے ’پیچھے تو دیکھو‘ کو جنوبی افریقین کھلاڑی کی تصویر پر چسپاں کر کے شیئر کیا جاتا رہا۔
ٹائم لائنز پر ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی سر ویون رچرڈز کی ایک ویڈیو بھی زیرگردش رہی جس میں وہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ایک میچ میں جاوید میانداد کو سکور بنانے کے لیے کریز سے باہر ہونے پر رن آؤٹ کر سکنے کے موقع کے باوجود واپس آنے کی مہلت دیتے ہیں۔
سابق کرکٹرز بھی جنوبی افریقن وکٹ کیپر کے اشارے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے پر تبصرہ کرتے رہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شعیب اختر سمیت کئی دیگر ٹویپس نے فخر زمان کی بیٹنگ کے دوران امپائرنگ کے معیار پر بھی کڑی تنقید کی۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے دوران گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں فخرزمان اپنی ہی شاٹ پر دوسرا رن لینے کے لیے لوٹے تو جنوبی افریقی وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک نے ایک اشارہ کیا تھا۔ کرکٹ مبصرین اور شائقین کے مطابق ’دھوکے پر مبنی اس اشارے‘ کی وجہ سے فخرزمان کے دوڑنے کی رفتار سست ہوئی اور نہ صرف وہ جلد آؤٹ ہوئے بلکہ پاکستانی ٹیم ایک بڑی فتح کے قریب پہنچ کر بھی سرخرو نہ ہو سکی۔
فخر زمان کی 193 رنز کی انفرادی اننگز نے انہیں ون ڈے کرکٹ میں بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے پانچ پاکستانی کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسری مرتبہ شامل کیا ہے۔
2018 میں 210 رنز کی اننگز کھیلنے والے فخرزمان پاکستان کے ون ڈے ٹاپ سکوررز میں سرفہرست ہیں۔ انڈیا کے خلاف 194 رنز کے ساتھ سعید انور فہرست میں دوسرے جب کہ 193 رنز کے ساتھ فخر زمان تیسرے، 160 رنز کے ساتھ عمران نزیر چوتھے اور 152 رنز کے ساتھ شرجیل خان پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔