’آئین کے محافظین آئین شکنی کریں گے تو غداری کے مرتکب ہوں گے‘
جمعہ 9 اپریل 2021 9:52
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ آئین کا تحفظ پاکستان اور پاکستانیوں کا تحفظ ہے (فوٹو: اردو نیوز)
جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ ’آئین کے تحفظ کی قسم کھانے والے اگر آئین شکنی کریں گے تو غداری کے زمرے میں آئیں گے۔‘
جمعے کو اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب میں مہمان خصوصی جسٹس قاضی فائز عیسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'آئین کے تحفظ کا وزن ان لوگوں پر زیادہ ہے جنہوں نے آئین کے تحت حلف اٹھایا ہو، آئین کے محافظین پر زیادہ ذمہ داری ہے جنہوں نے اس کے تحت قسم اٹھائی ہوئی ہے۔'
آئین کی اہمیت پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'محافظین آئین نے اپنی ذمہ داری توڑی، آئین کے تحفظ کی قسم کھانے والے آئین شکنی کریں گے تو آرٹیکل 6 کے تحت غداری کے زمرے میں آئیں گے اور قسم توڑیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جو شخص بڑھے گا اس کے خلاف آئین کا تحفظ کرنا میرے اور آپ جیسے لوگوں کا فرض ہے، آئین کا تحفظ پاکستان اور پاکستانیوں کا تحفظ ہے۔‘
جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ ’ہم نے آئین نہیں سیکھا، سرکاری طور پر آئین کا اردو میں ترجمہ تک نہیں کیا گیا، آئین کو سکول میں بچوں کو پڑھایا جانا چاہیے جب تک آئین نہیں پڑھیں گے آپ کو سمجھ نہیں آئے گا کہ آپ ہیں کون۔‘
انہوں نے کہا کہ دنیا کہاں سے کہاں پہنچ چکی ہے لیکن ہم آج بھی آئین کی تحفظ کے حوالے سے سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 'ایک صاحب آتے ہیں وہ آئین کو ادھر کر دیتے ہیں دوسرے صاحب آتے ہیں وہ آئین کو اُدھر کر دیتے ہیں اور ہم ان کو سمجھا رہے ہیں کہ نہیں آپ ایسا نہیں کرسکتے، آپ غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں۔'
جسٹس قاضی فائز عیسی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین ہی اسلامی نظام ہے، صرف اس پر عملدرآمد کرنا باقی ہے۔‘