سعودی عرب ہمسایہ ملکوں کو بجلی برآمد کرے گا
’اردن، مصر، عراق اور جی سی سی ممالک کے ساتھ پاور گرڈ کو جوڑنے کے منصوبے جاری ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب اپنے پہلے قابل تجدید توانائی منصوبے سکاکا آئی پی پی فوٹو وولٹک پاور پلانٹ کے افتتاح کے بعد ہمسایہ ممالک کو بجلی کی برآمد شروع کر دے گا۔
سعودی نیوز پورٹل انگرام نے یہ بات سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کے حوالے سے بتائی ہے۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ ’اردن، مصر، عراق اور جی سی سی ممالک کے ساتھ پاور گرڈ کو جوڑنے کے منصوبے جاری ہیں۔‘
خلیجی ریاستیں اپنے گرڈز کھولنے کے آئیڈیا کو ایکسپلور کررہی ہیں تاکہ وہ خطے کے اندر یہاں تک کہ یورپ تک بجلی برآمد کرسکیں۔
اس طرح کے اقدام سے کم طلب کی مدت کے دوران بجلی کی برآمد کا امکان پیدا ہوتا ہے جیسے خلیج کے موسم سرما کے دوران جب بجلی کی طلب کم ہوتی ہے۔
خطے میں بجلی کی طلب کے کم مہینوں کی مناسبت یورپ میں زیادہ مانگ والے مہینوں کے ساتھ ہے جب لوگ گھروں کو گرم کرنے کے لیے زیادہ بجلی استعمال کرتے ہیں۔
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ سعودی قیادت بالخصوص ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان قابل تجدید ذرائع سمیت مملکت کے توانائی کے شعبے میں ہونے والی پیشرفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
شہزادہ عبدالعزیز کا یہ تبصرہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے سکاکا آئی پی پی فور پلانٹ کا افتتاح کرنے کے فورا بعد سامنے آیا ہے۔