Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب اتحاد نے بیلسٹک میزائل اور تین ڈرونز حملے ناکام بنا دیے

بیلسٹک میزائل اور ڈرونز راستے میں روک کر تباہ کردیے گئے۔( فوٹو عرب نیوز)
عرب اتحاد نے اتوار کو یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے بیلسٹک میزائل اور تین ڈرونز حملے ناکام بنائے ہیں۔
الاخباریہ چینل نے عرب اتحاد کے حوالے سے بتایا کہ خمیس مشیط اور جازان کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے بیلسٹک میزائل اور ڈرونز راستے میں روک کر تباہ کردیے گئے۔
عرب اتحاد نے جو یمن میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی سپورٹ کے لیے جنگ لڑ رہا ہے کہا کہ ’یہ حملے یمن میں موجود حوثیوں کی جانب سے عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی منظم اور دانستہ کوششوں کا تسلسل ہے‘۔
عرب اتحاد نے مزید کہا کہ ’ بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق عام شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں‘۔
اسلامی کانفرنس تنظیم ( او آئی سی) کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے حملوں کی مذمت کی ہے۔
اوآئی سی کے سیکریٹری جنرل نے ایک بیان میں کہا کہ’ حوثیوں نے متواتر جنگی جرائم کا ارتکاب، بین الاقوامی قوانین، اقدار اور معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی کی ہے‘۔
متحدہ عرب امارات نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے کہا کہ’ وہ ایسے بار بار حملوں کے خلاف فوری اور فیصلہ کن موقف اپنائے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ایسے حملوں سے سعودی عرب کی سلامتی و استحکام کو خطرہ لاحق ہوا ہے‘۔
’حالیہ دنوں میں ایسے مسلسل حملوں نے کشیدگی کو بڑھا دیا ہے جو کہ خطے کی سلامتی و استحکام کو حوثی ملیشیا کی طرف سے لاحق خطرات کے نئے ثبوت اور شواہد ہیں‘۔
بحرین نے عالمی برادری سےحملوں کی مذمت کرنے کا مطالبہ کیا جس سےعلاقائی اور بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کو خطرہ ہے۔
 
 

شیئر: