عمرہ پرمٹ توکلنا اور اعتمرنا ایپ سے حاصل کیاجاسکتا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ عمرہ پرمٹ کا حصول انتہائی آسان بنایا گیا ہے ۔ پرمٹ نکلوانے کا دعوی کرنے والوں سے ہوشیار رہیں۔ پرمٹ کے اجرا کا دعوی کرنےوالے فرضی اداروں کوذاتی اہم معلومات فراہم نہ کریں۔
وزارت حج و عمرہ نے ٹوئٹر پرعمرہ پرمٹ کے حوالے سے لوگوں کو متنبہ کرتے ہوئے ہوشیار رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ وہ کسی قسم کی جعل سازی کا شکار نہ ہوں۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے وزارت حج و عمرہ کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ عمرہ اور حرم شریف میں نمازوں کی ادائیگی کے لیے پرمٹ ’اعتمرنا‘ اور ’توکلنا‘ ایپ سے حاصل کیاجاسکتا ہے جس کے مراحل انتہائی آسان ہیں ۔
پرمٹ کے حصول کے لیے مذکورہ ایپ کے ذریعے دن اور وقت کا تعین کرنے کے بعد باسانی ’کیوآر‘ کوڈ حاصل کیاجاسکتا جس کےلیے کسی قسم کی بیرونی مداخلت درکار نہیں ہوتی۔
خیال رہے سوشل میڈیا پربعض افراد کی جانب سے رقم لے کرعمرہ پرمٹ دلوانے کا دعوی کیاجارہا ہے ۔ پرمٹ دلوانے کے دعویدار فی فرد 20 سے 50 ریال لے کرپرمٹ جاری کرانے کا کہتے ہیں۔
وزارت حج کی جانب سے عمرہ پرمٹ کی کوئی فیس نہیں ہوتی البتہ بس سروس حاصل کرنے والوں کو صرف بس کی فیس اداکرنا ہوتی ہے جو انہیں بس اسٹینڈ سے حرم شریف لاتی اور واپس لے جاتی ہے اس کے علاوہ پرمٹ کی کوئی فیس نہیں ہوتی