سکاؤٹس حرم شریف آنے والوں کی رہنمائی سمیت دوسری خدمات انجام دے رہے ہیں(فوٹو: سبق)
رمضان کی آمد کے ساتھ ہی مکہ کے سکاؤٹس بھی زائرین حرم کی خدمت کے لیے دیگر اداروں کے ساتھ مل کررضا کارانہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔
سکاؤٹس عمرہ زائرین اور حرم شریف میں آنے والوں کی رہنمائی کے علاوہ کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ ضوابط پرعمل کرنے کی تلقین اور یاد دہانی کرا رہے ہیں۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے مکہ سکاؤٹس کے قائد زیاد حسن کے حوالے سے کہا ہے کہ ’حرم رمضان پروگرام کے تحت 65 سے زائد سکاؤٹس کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے جو حرم مکی شریف کے مختلف مقامات پررہنمائی کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
سکاؤٹس رمضان کے دوران حرم مکی شریف آنے والے عمرہ زائرین اور باجماعت نماز ادا کرنے کے لیے آنے والوں کی رہنمائی اور انہیں سماجی فاصلہ کے اصول پرعمل کرانے کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں ۔
سکاؤٹس کے قائد زیاد حسن نے مزید بتایا کہ ’مختلف گروپس کو حرم شریف کے اندر اور بیرونی مقامات پر متعین کیا گیا ہے تاکہ وہ زائرین کی بہتر طورپررہنمائی کرسکیں۔‘
اس سال حرم شریف کی نئی توسیع والا حصہ بھی کھول دیا گیا ہے(فوٹو: ایس پی اے)
خیال رہے اس سال رمضان میں کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے تحت عمرہ زائرین اور نماز باجماعت ادا کرنے والوں کو اجازت دی گئی ہے۔
عمرے کے لیے پرمٹ حاصل کرنا لازمی ہے جو ’توکلنا‘ اور ’اعتمرنا‘ ایپ سے حاصل کی اجا سکتا ہے۔ عمرہ پرمٹ کے بغیر وہ افراد جو احرام میں ہوں، انہیں مکہ کے داخلی راستے پربنی ہوئی چیک پوسٹ سے گزرنے نہیں دیا جاتا۔
رمضان میں چونکہ اندرون ملک سے بھی بڑی تعداد میں عمرہ زائرین مکہ آتے ہیں جنہیں منظم رکھنے کے لیے مختلف اداروں کے اشتراک سے مرتب کی گئی حکمت عملی پرعمل کیا جا رہا ہے تاکہ زائرین آرام سے عمرہ ادا کرسکیں۔
سکاؤٹس کی ٹیمیں نماز عشا کے فوری بعد حرم شریف کے اندر اور بیرونی مقامات پر ذمہ داریاں ادا کرنے پہنچ جاتی ہیں، جو رات گئے تک وہاں رہتی ہیں تاکہ تراویح کے لیے آنے والوں کی رہنمائی کی جا سکے۔
خیال رہے اس سال ماہ رمضان میں حرم شریف کی نئی توسیع والا حصہ بھی نمازیوں کے لیے کھول دیا گیا ہے جس سے زیادہ لوگ واقف نہیں، سکاؤٹس زیادہ تر نئی توسیع والے حصے میں خدمات انجام دے رہے ہیں تاکہ لوگوں کو راستے کی درست معلومات مہیا کی جا سکیں۔