وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’رمضان میں جہاں ہمیں ضرورت مندوں کا خیال رکھنا ہے وہیں ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کی نشاندہی اور حوصلہ شکنی بھی کرنی ہے۔‘
منگل کو رمضان کا چاند نظر آنے کے بعد وزیراعظم نے قوم کو مبارک باد کا خصوصی پیغام جاری کیا۔
وزیراعظم کے مطابق ’اس وقت عالم انسانیت کو کورونا کی تباہ کاریوں کا سامنا ہے۔‘
انہوں نے پچھلے رمضان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اس وقت ہم نے کورونا ایس او پیز پر بھرپور عمل کیا جو قابل ستائش ہے۔ اس سال بھی ایس او پیز پر عمل کرنا ہم سب کی انفرادی و اجتماعی ذمہ داری ہے۔‘
وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’روزے کا مقصد انسان میں پرہیزگاری اور ایثار کے جذبات پیدا کرنا ہے۔‘