Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بدعنوانی کے الزامات میں شہریوں اور غیر ملکیوں سمیت 176 گرفتار

176 شہریوں اور غیرملکیوں کو حراست میں لیا گیا ہے( فوٹو سبق)
سعودی کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن (نزاھۃ) نے کہا ہے کہ 700 افراد سے رشوت، اثر و نفوذ کے ناجائز استعمال، جعلسازی اور اقتدار سے ناجائز فائدہ اٹھانے کے الزامات پر پوچھ گچھ کی گئی ہے۔
176 سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو اس حوالے سے حراست میں لے لیا گیا ہے، ان میں سرکاری اہلکار شامل ہیں۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق نزاھۃ نے بیان میں کہا کہ ملزمان رشوت، اثر و نفوذ سے ناجائز فائدہ اٹھانے اور اقتدار کے غلط استعمال میں ملوث ہیں۔ متعدد محکمہ جاتی اور فوجداری امور میں ان سب سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ 
نزاھۃ کا کہنا ہے کہ رشوت ستانی، اثر و نفوذ سے ناجائزِ فائدہ اٹھانے، اقتدار کے غلط استعمال اور جعلسازی کے معاملات 971 تفتیشی دوروں کے دوران ریکارڈ پر آئے۔ 
نزاھۃ نے بتایا کہ بدعنوانی کے معاملات میں ملوث افراد دفاع، داخلہ، نیشنل گارڈ، خزانہ، صحت، انصاف، بلدیاتی و دیہی و آباد کاری امور ، تعلیم، ٹرانسپورٹ، اطلاعات اور افرادی قوت و سماجی بہبود کی وزارتوں سے ہے۔
ان میں سے بعض کا تعلق سعودی کسٹم، ہلال احمر اور نیشنل واٹر کمپنی سے بھی ہے۔ ان پر رشوت، عہدے سے حاصل ہونے والے اثر و نفوذ سے ناجائز فائدہ اٹھانے، اقتدار کے غلط استعمال اور جعلسازی جیسے الزامات ہیں۔
ان کے خلاف قانونی کارروائی کو حتمی شکل دی جارہی ہے تاکہ ان کے معاملات عدالت کے حوالے کیے جاسکیں۔ 
نزاھۃ نے تمام لوگوں سے اپیل کی کہ  وہ سرکاری خزانے کے تحفظ کے لیے مالیاتی یا محکمہ جاتی بدعنوانی کی رپورٹیں ٹول فری نمبر، ای میل اور فیکس پر رپورٹ کریں۔ 

شیئر: