Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمان میں رات کے وقت نقل و حمل اور تجارتی سرگرمیاں بند

نقل و حرکت پر پابندی رات 9 سے صبح 4 بجے تک رہے گی۔(فوٹو عرب نیوز)
خلیجی ریاست عمان نے رمضان کے پورے مقدس مہینے میں تمام تجارتی سرگرمیوں اور لوگوں کی نقل و حرکت پر رات کے  اوقات میں پابندی عائد کردی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق رواں سال رمضان المبارک کے دوران مساجد میں افطاری کے انتظامات سمیت عوامی مقامات پر افطاری کروانا اور مختلف قسم کے خیمے لگا کر اجتماع بھی ممنوع قرار دیئے گئے ہیں۔

صحت اور میڈیا جیسے کلیدی شعبے کے کارکنان پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔(فوٹو خلیج ٹائمز)

اسی طرح نقل و حرکت پر پابندی رات 9 بجے سے شروع ہو کر صبح 4 بجے تک رہے گی۔
عمان میں  کورونا وائرس سے متعلق تمام معاملات سے نمٹنے کے لئے بنائی گئی سپریم کمیٹی نے رمضان کے پورے مقدس مہینے میں تمام سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں، کھیلوں اور کسی بھی طرح کی گروپ سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔
صحت کی دیکھ بھال کے اداروں کے کارکنان کے علاوہ تیل اور خوراک کی فراہمی اور میڈیا جیسے کلیدی شعبے کے کارکنوں کو تاہم اس پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے بشرطیکہ ان کے پاس اجازت نامہ موجود ہو۔
رات کے اوقات میں لگائی گئی ان تجارتی پابندی کے دوران  ادویہ کی دکانیں کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
عمان کے  وزیر اطلاعات اور  کورونا وائرس سے  متعلق بنائی گئی سپریم کمیٹی کے ممبر  ڈاکٹر عبداللہ ناصر الحارثی کے مطابق  کورونا  وبا کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پابندی کے اس فیصلے میں  نرمی یا اسے مزید  سخت کیا جاسکتا ہے۔
 

شیئر: