عمان میں مقیم ایک غیرملکی برطانیہ سے مسقط پہنچا تھا- (فائل فوٹو اے ایف پی)
سلطنت عمان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ نئے تغیر پذیر کورونا وائرس کا پہلا مریض ریکارڈ پر آیا ہے۔
عرب نیوز اوراخبار 24 نےعمانی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ عمان میں مقیم ایک غیرملکی برطانیہ سے مسقط پہنچا تھا۔
’سفر سے قبل منفی ٹیسٹ کے باجود بعض علامات تھیں۔ شبہے کی بنیاد پر طبی معائنہ کرایا گیا تو وہ نئے کورونا وائرس میں مبتلا پایا گیا‘۔
وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے ’متاثرہ غیرملکی کےعلاج اور وائرس کو مزید نہ پھیلنے دینے کے لیے حفظان صحت کی تمام تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔‘
’مشتبہ مریض کو گھر پر قرنطینہ کردیا گیا ہے جہاں وہ صحت یاب ہوگیا ہے۔ اب اسے کسی طرح کا کوئی خطرہ ہے اور نہ ہی متعلقین کو اس سے کسی قسم کا کوئی خطرہ ہے‘۔
یاد رہے کہ عمان نے ایک ہفتے کی بندش کے بعد 29 دسمبر کو اپنی زمیٹی، فضائی اور بحری سرحدیں دوبارہ کھولی تھیں۔
عمان کے کسی بھی ایئرپورٹ پر آنے کے لیے کورونا وائرس کا منفی ٹیسٹ ضروری ہے۔