کپتان بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی 20 کی پہلی سینچری سکور کی اور 59 گیندوں پر 122 رنز بنانے کے بعد ولیمز کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ان کی اننگز میں 15 چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔
محمد رضوان نے بھی بابر اعظم کا بھرپور ساتھ دیا اور 47 گیندوں پر 73 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔
عمدہ بلے بازی کی اور دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 32 بالز پر نصف سکور کی۔ وہ 73 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے واحد وکٹ ولیمز نے حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے۔ مارکرم نے 63 جبکہ ملان نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے اوپنرز یانیمن ملان اور ایڈین مارکرم نے اپنی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور سینچری پارٹنرشپ قائم کی۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان چار میچوں کی سیریز کے پہلے میچ پاکستان جبکہ دوسرے میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا اور آخری ٹی 20 میچ جمعہ 16 اپریل کو کھیلا جائے گا۔