ڈاکٹر سید علی محمود ، یوسف الدین امجد، محمد عبید الرحمان اور حسن بایزید کی تقاریر
جدہ ( امین انصاری )بزم اتحاد جدہ نے کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے احیا کے 59 سال مکمل ہونے پر جدہ میں تقریب اور جشن کا اہتمام کیا ۔ بزم کے مشیر اعلیٰ ڈاکٹر سید علی محمود کی صدارت میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ بز م کے ترجمان و سیکریٹری یوسف الدین امجد نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ59سالوں میں مجلس نے بہت سے نشیب و فراز دیکھے اور قوم ملت کی فلاح و بہبود کیلئے بڑے پیمانے پر کام کیا ۔ نائب صدر بزم اتحاد جدہ محمد عبید الرحمن نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین سلطان صلاح الدین اویسی کی قیادت میں ترقی کی منازل طے کر تی رہی اور آج ہمیں خوشی اس بات کی ہے کہ اس کی باگ ڈور ان کے ہونہار فرزندان اسعد الدین اویسی اور اکبر الدین اویسی کے ہاتھو ں میں ہے ۔ بزم کے مشیر حسن بایزید نے مہاراشٹرا ، اورنگ آباد میں مجلس کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اب یہ جماعت تلنگانہ اور آندھراپردیش سے نکل کر دوسری ریاستوں میں اپنا مقام بنارہی ہے جو ہم سب کیلئے مسرت کی بات ہے ۔ صدر تقریب ڈاکٹر سید علی محمود نے کہا کہ جب قیادت قابل نوجوانوں کے ہاتھوں میں آتی ہے تو یہ اپنی منزل آسمانوں پر پاتی ہے ۔ نقیب ملت اسد الدین اویسی اور حبیب ملت اکبر الدین اویسی نے مجلس اتحاد المسلمین کو پورے ہندوستان کی آواز بناچکے ہیں ۔ آج ہندوستان کی ہر ریاست سے عوام صدر مجلس کو قیادت سنبھالنے کیلئے آواز دے رہے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب مجلس اتحادالمسلمین کے اراکین ہر ریاست کی اسمبلی میں ہونگے ۔اس موقع پر محمد عبدالرافع نے مجلس کی قیادت میں لکھا ہوا ایک گیت کمپوز کرکے اپنی آواز میں گایا جسے حاضرین نے پسند کیا جبکہ یوسف الدین امجد نے سالار ملت سلطان صلاح الدین اویسی کیلئے لکھی گئی نظم سناکر داد حاصل کی ۔ دریں اثناءمہاراشٹرا میں مجلس اتحا دالمسلمین نے بلدیہ کی 26 نشستوں پر کامیابی کا جشن یوسف الدین امجد کے گھر پر کیک کاٹ کر کیا جس میں شہر کی سرکردہ شخصیات نے حصہ لیا ۔بعد ازاں ڈاکٹر سید علی محمود کی قیادت میں محبان مجلس نے جدہ کے مختلف مقامات شرفیہ ، عزیزیہ ، باب مکہ اور کلو 7 پہنچ کر عوام میں مٹھائی تقسیم کی ۔