کورونا سے محفوظ افراد ہی مسجد نبوی میں داخل ہوسکتے ہیں: مدینہ پولیس
مسجد نبوی کے صحنوں کے اطراف سیکیورٹی حصار قائم کیا گیا ہے۔( فوٹوعاجل)
مدینہ منورہ پولیس نے انتباہ دیا ہے کہ کورونا وائرس سے غیرمحفوظ کسی بھی شخص کو مسجد نبوی کے صحنوں میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ کوشش کرنے والوں کو روکا جائے گا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق پولیس نےکہا کہ مسجد نبوی کی طرف جانے والے تمام راستوں پر سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ مسجد نبوی کے صحنوں کے اطراف سیکیورٹی حصار قائم کردیا گیا ہے۔ کسی بھی شخض کو جس کے پاس نماز یا زیارت کا اجازت نامہ نہیں ہوگا اسے مسجد نبوی کے اطراف والے علاقے تک رسائی نہیں دی جائے گی۔
مدینہ پولیس نے مزید بتایا کہ تمام سیکیورٹی ادارے، مسجد نبوی کی انتظامیہ اور وزارت صحت کورونا کو پھیلنے سے روکنے اور لگنے سے بچنے بچانے کے لیے مقرر تدابیر اور سکیمیں نافذ کرانے کے لیے بھرپور تعاون کررہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی سکیمیوں میں خواتین شامل ہیں۔
یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ اور مسجد نبوی انتظامیہ پابندی لگائے ہوئے ہیں کہ رمضان میں روضہ شریفہ میں نماز اور روضہ رسول پر حاضری اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے۔ اجازت نامہ اسی صورت میں دیا جائے گا جبکہ امیدوار یا تو کورونا ویکسین کی دونں خوراکیں لے چکا ہو یا پہلی خوراک پر 14 دن گزار چکا ہو یا وائرس کا شکار ہوکر اس سے شفا پاچکا ہو۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں