Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’21 اپریل سے 50 سے 59 سال کی عمر کے افراد کی ویکسینیشن شروع‘

50 سال سے زائد عمر کے پاکستانی شہریوں کے لیے کورونا ویکسین کی رجسٹریشن کا آغاز 30 مارچ سے ہوا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ’بدھ 21 اپریل سے 50 سے 59 سال کی عمر کے افراد کی ویکسینیشن شروع کر دی جائے گی۔‘
سنیچر کو ایک ٹویٹ میں اسد عمر نے بتایا کہ ’اس بات کا فیصلہ آج این سی او سی کے اجلاس میں کیا گیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’آپ ہر ایک کو قائل کریں کہ وہ اپنے آپ کو رجسٹر کروائے اور ویکسین لگوائے۔‘
اس سے قبل اسد عمر نے 26 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ ’ 50 سال سے زائد عمر کے پاکستانی شہریوں کے لیے کورونا ویکسین کی رجسٹریشن کا آغاز 30 مارچ سے کر دیا جائے گا۔‘
انھوں نے بتایا تھا کہ ’ 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی رجسٹریشن اور ویکسینیشن کا آغاز پہلے ہی ہو چکا ہے۔ اب 50 سال سے اوپر کے شہریوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔‘
پاکستان میں اب تک 7 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ 6 لاکھ 54 ہزار 956 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔
ملک میں وبا سے اب تک 16 ہزار 94 اموات ہوئی ہیں جبکہ 79 ہزار سے زائد فعال کیسز ہیں۔
اسد عمر نے چند روز قبل بتایا تھا کہ ’نجی شعبے نے اب تک ویکسین کی 18 ہزار 700 خوراکیں خود خرید کر لگائیں، حکومت ویکسین کی خریداری کے لیے 15 کروڑ ڈالر مختص کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم ویکسین کی زیادہ سے زیادہ خوراکوں کے حصول کے لیے کوشاں ہیں، امید ہے کہ عید کے بعد تمام پاکستانیوں کو ویکسین لگانا شروع کر دیں گے۔‘
یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے ملک میں چین کی کورونا ویکسینز سائنو فارم اور کین سینو بائیو جبکہ روس کی سپتنک فائیو کے استعمال کی اجازت دے رکھی ہے۔

شیئر: