Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کی کارکردگی بہترین‘

'سعودی عرب اب بھی موثر حفاظتی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے' (فوٹو: العربیہ)
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں سعودی عرب کی کارکردگی کو بہترین قرار دیا ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد المنظری نے کہا ہے کہ 'سعودی عرب نے بحران کے آغاز ہی سے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں کی کڑی نگرانی اور ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز میں موثر اقدامات کرکے عمدہ  کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔'
 سعودی عرب کورونا وبا کے خطرات کے سائنسی تجزیے کی روشنی میں اب بھی موثر حفاظتی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ 
ڈاکٹر المنظری کا کہنا کہ 'عالمی ادارہ صحت نے اپنے یہاں رائج تجزیاتی نظام کے مطابق کورونا وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں سعودی عرب کی کارکردگی کا ہر پہلو سے جائزہ لیا ہے۔ سعودی عرب نے بحران کے شروع ہی سے عمدہ طریقے سے نمٹنے والے انتظامات کیے۔'
'وبا سے متاثرہ ملکوں سے آنے والے تمام مسافروں کے معائنے کا اہتمام کیا۔ فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ہیلتھ ورکرز کو سپیشل ٹریننگ دی۔ وبا سے متاثرہ افراد سے ملنے جلنے والوں کی نگرانی کرکے انہیں قرنطینہ کیا۔'
عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر کے مطابق 'سعودی عرب نے متاثرین کے علاج کا بندوبست کیا اور معاشرے میں وبا سے بچنے اور اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے آگہی مہم چلائی۔'
انہوں نے کہا کہ 'سعودی عرب نے گذشتہ برس جی 20 کے پلیٹ فارم سے وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں قائدانہ کردارادا کیا اور اب جبکہ کورونا کی ویکسینز تیار ہونے لگی ہیں سعودی عرب ان ممالک میں پیش پیش ہے جو ویکسین ترجیح بنیادوں پر فراہم کررہے ہیں۔'
ڈاکٹر المنظری نےامید ظاہر کی کہ 'سعودی عرب محدود آمدنی والے ممالک یا بحرانوں اور خانہ جنگیوں سے دوچار ممالک کی مدد کا سلسلہ کورونا ویکسین کی خوراکیں فراہم کرکے انجام دیتا رہے گا۔'

شیئر: