Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں تعلیمی معیار بڑھانے کے لیے معاہدے پر دستخط

نائب وزیر اور ای ٹی ای سی کے چیئرمین نے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت ثقافت اور ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ ایویویلیشن کمیشن (ای ٹی ای سی) نے آرٹ، ثقافت،عمومی اور اعلی تعلیم کے شعبوں میں تعلیمی اور تربیتی معیارات طے کرنے میں ہم آہنگی اور تعاون بڑھانے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس معاہدے کا مقصد مختلف تربیتی پروگراموں کے ذریعے سعودی نوجوانوں کی مستقل پیشہ ورانہ ترقی کو یقینی بنانے کے طریقۂ کار کو ہموار کرنا ہے۔
وزارت کے نائب وزیر پروفیسر حمید بن محمد فایز اور ای ٹی ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر حسام بن عبدالوہاب زمان نے معاہدے پر دستخط کیے۔
ای ٹی ای سی مملکت میں سرکاری اور نجی تعلیم کی تشخیص کو یقینی بناتا ہے، وزارت تعلیم کے تعاون سے عوامی تعلیم کے نصاب کے اصول مرتب کرتا ہے اور ان کی منظوری کرتا ہے۔
ای ٹی ای سی تعلیمی اور تربیتی اداروں کے پیش کردہ سرٹیفکیٹ پروگراموں کا بھی جائزہ لیتا ہے اور مملکت کی لیبر مارکیٹ کی ضروریات اور تازہ ترین عالمی رجحانات کے مطابق وقتاً فوقتاً ان کا جائزہ لیتا ہے۔
یہ کمیشن ایویویلیشن اور ایکریڈیشن کے سسٹمز تیار کرتا ہے، اس کی منظوری دیتا ہے اور ان کا اطلاق بھی کرتا ہے۔
کمیشن مملکت سے باہر اسی طرح کے اداروں کے ساتھ تجربات اور مہارت کا تبادلہ کرتا ہے، اپنے کاموں کو ہموار کرنے،اپنے کردار کو فروغ دینے اور سعودی تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے عالمی اداروں کو شراکت پر مجبور کرتا ہے۔

شیئر: