ٹی ٹوئنٹی رینکنگ: محمد رضوان ٹاپ 10 میں، ’ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے‘
جمعرات 29 اپریل 2021 7:53
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کی بیٹنگ رینکنگ میں پاکستان کے دو بیٹسمین ٹاپ ٹین میں شامل ہیں (فوٹو:ای ایس پی این)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ٹاپ ٹین بیٹسمینوں میں پاکستان کے محمد رضوان بھی شامل ہوگئے ہیں۔
بدھ کو جاری آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کی بیٹنگ رینکنگ میں پاکستان کے دو بیٹسمین ٹاپ ٹین میں شامل ہیں۔
بابر اعظم کی رینکنگ میں ایک درجے تنزلی ہوئی ہے وہ دوسرے سے تیسرے نمبر پر چلے گئے جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کیریئر کی بہترین رینکنگ حاصل کرتے ہوئے پانچ درجے ترقی کے بعد دسویں نمبر پر آگئے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین محمد رضوان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد دے رہے ہیں۔
اوکاشا کالانچوی کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’چند مہینے پہلے تک کس نے سوچا تھا کہ یہ شخص ٹاپ 10 ٹی ٹوئنٹی بیٹسمینوں کی فہرست میں ہوگا۔ سخت محنت، تحمل اور لگن سے اس نے ممکن کر دکھایا۔‘
حمزہ چوہان نامی صارف نے لکھا کہ ’واہ ماشااللہ۔ محمد رضوان آپ نے یہ کمایا ہے اور اب ہم انہیں بابراعظم کے ساتھ ٹاپ فائیو میں دیکھنا چاہتے ہیں۔‘
ایک اور صارف محمد نعمان نے لکھا کہ ’ٹی ٹوئنٹی کا پلیئر نہ ہونے سے ہمارے بہترین ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی تک۔‘
معیز احمد خان نامی صارف نے لکھا کہ ’سر رضوان ٹی ٹوئنٹی کے ٹاپ 10 بلے بازوں میں شامل۔ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔‘