2020: سعودی برآمدات میں 10.8 اور درآمدات میں 9.9 فیصد کمی: محکمہ شماریات
جمعرات 29 اپریل 2021 20:32
اشیائے تجارت میں سعودی عرب کا سب سے بڑا شریک چین رہا- (فوٹو عاجل)
سعودی محکمہ شماریات نے کہا ہے کہ 2020 کے دوران سعود ی عرب نے 652 ارب ریال کا سامان برآمد کیا جو 2019 کے مقابلے میں 33.5 فیصد کم رہا- 2019 کے دوران مملکت نے 981 ارب ریال کا سامان برآمد کیا تھا-
اخبار 24 کے مطابق محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ 2020 کے دوران برآمدات کی قدر میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی- اس کی وجہ تیل برآمدات میں کمی رہی- سعودی عرب نے 2020 کے دوران 304.2 ارب ریال کا پٹرول برآمد کیا- اس کی قیمت 2019 کے مقابلے میں 40.5 فیصد کم رہی-
محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ تیل کے ماسوا برآمدات میں بھی 2020 کے دوران 2019 کے مقابلے میں کمی واقع ہوئی- 10.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی- مملکت نے 2019 میں تیل کے ماسوا سامان 229.2 ارب ریال میں برآمد کیا جبکہ 2020 کے دوران صرف 204.4 ارب ریال کا سامان برآمد کیا گیا-
محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے 2020 کے دوران 517.5 ارب ریال کا سامان درآمد کیا- یہ 2019 کے مقابلے میں 9.9 فیصد کم رہا- 2019 میں 574.4 ارب ریال کا سامان درآمد کیا تھا- درآمد کی قدر میں کمی کی وجہ اشیا کے نرخوں میں کمی مانی جارہی ہے-
محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ 2020 کے دوران اشیائے تجارت کے سلسلے میں سعودی عرب کا سب سے بڑا شریک چین رہا- مملکت نے گزشتہ برس چین کو 120 ارب ریال کا سامان برآمد کیا- جاپان کا نمبر دوسرا رہا جسے 62.3 ارب ریال کا سامان برآمد کیا گیا- انڈیا تیسرے نمبر پر رہا جسے 60.2 ارب ریال کا سامان برآمد کیا گیا- ان کے بعد جنوبی کوریا، امارات، امریکہ، سنگاپور، مصر، بحرین اور ہالینڈ ان دس ممالک میں سرفہرست ہیں جنہیں سعودی عرب نے 2020 میں سامان برآمد کیا- دس ممالک کو مجموعی طور پر 446 ارب ریال کا سامان بھیجا گیا-
محکمہ شماریات نے توجہ دلائی کہ چین سے سعودی عرب نے 2020 کے دوران 101.6 ارب دیال کا سامان درآمد کیا اس طرح سعودی درآمدات کے حوالے سے چین پہلے نمبر پر آگیا امریکہ 55.1 ارب ریال سے دوسرے اور امارات 34.3 ارب ریال کے حوالے سے تیسرے نمبر پر رہا- مملکت نے گزشتہ برس جن دس ملکوں سے زیادہ سامان درآمد کیا ان میں جرمنی، انڈیا، جاپان، فرانس، اٹلی، جنوبی کوریا اور برطانیہ شامل ہیں-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں